'عزت کا طوق صرف عورتوں کے گلے میں کیوں'

رنبیر کپور، ماہرہ خان

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنکہا جا رہا ہے کہ ماہرہ اور رنیبیر کپور کی یہ تصاویر نیو یارک کی ہیں۔
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور رنبیر کپور کی تصاویر پر کافی کچھ کہا جا رہا ہے۔ ان تصویروں کی بنیاد پر کچھ اخبارات نے تو ان کے درمیان رشتوں کی عجیب و غریب کہانیاں گڑھنی شروع کر دی ہیں اور ساتھ ہی ماہرہ اور رنبیر کی ایک پرانی ویڈیو بھی چلائی جا رہی ہے جس میں دونوں کے درمیان کچھ بحث ہو رہی ہے تو کیا ایک عام سی ویڈیو اور تصاویر سے دو انسانوں کے درمیان رشتوں کی قیاس آرائی کرنا درست ہے۔

رنبیر کپور، ماہرہ خان

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنانھیں تصاویر کے تعلق سے سوشل میڈیا پر لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں

جہاں تک سوشل میڈیا پر ان تصاویر کے حوالے سے بحث کی بات ہے تو کچھ کمنٹس پڑھنے کے بعد احساس ہوا کہ بیمار ذہن کس طرح سوچتا ہے اور یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ سگریٹ پینے یا مغربی لباس پہننے سے پاکستان کا نام کیسے مٹی میں مل سکتا ہے۔ کیا کسی ملک کی عزت یا وقار اس ملک کی خواتین کے لباس اور کھانے پینے کا محتاج ہوتا ہے۔ عزت کا طوق صرف عورتوں کے گلے میں ہی کیوں پہنایا جاتا ہے۔

گول مال ریٹرن کی ٹیم

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM

،تصویر کا کیپشنگول مال سیریز کی اگلی کڑی 'گول مال ریٹرن' میں کرینہ کی جگہ پرینیتی چوپڑا کو لیا گيا ہے

فلسماز روہت شیٹی کی گول مال سیریز کی اگلی کڑی 'گول مال ریٹرن' کا پہلا ٹریلر سامنے آچکا ہے۔ ٹریلر سے فلم کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اجے دیوگن اینڈ ٹیم میں کچھ نئے چہرے ہیں جن میں کرینہ کی جگہ پرنیتی چوپڑہ کے ساتھ تبو بھی شامل ہیں۔

تبو کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی اس سیریز کا حصہ بننا چاہتی تھیں اور جب انھیں اس فلم کی آفر آئی تو انھوں نے سکرپٹ تک نہیں پڑھا کیونکہ انھیں معلوم تھا کہ سنیل شیٹی نے ان کے لیے اچھا رول ہی رکھا ہوگا۔ ویسے تبو آج کل بڑے پردے پر کم ہی نظر آتی ہیں اب ایسے میں سنیل شیٹی کی گول مال سیریز میں کام ملے تو سکرپٹ سن کر کرنا بھی کیا ہے۔ گول مال ریٹرن دیوالی کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے۔

تبو

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM TABU

،تصویر کا کیپشنتبو کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی اس سریز کا حصہ بننا چاہتی تھیں اور جب انھیں اس فلم کی آفر آئی تو انھوں نے سکرپٹ تک نہیں پڑھی

فلم کے بارے میں روہت شیٹی کا کہنا ہے کہ گول مال کی اس قسط کی کہانی کے لیے انھیں بہت وقت لگا کیونکہ وہ خراب کہانی لکھ کر لوگوں کو دھوکا نہیں دینا چاہتے تھے۔ اب کوئی روہت شیٹی کو سمجھائے کہ انھوں نے کوئی دھوکہ نہیں دیا، دھوکہ تو اس وقت ہوتا جب فلم میں کوئی کہانی ہوتی۔

راج کمار راؤ

،تصویر کا ذریعہRAINDROP MEDIA

،تصویر کا کیپشنراج کمارراؤ بہت خوش ہیں جو اس فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں

اداکار راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ ان کی نئی فلم 'نیوٹن' کی ٹیم اور ان کے لیے جشن کا موقع ہے۔ ایک تو اس ہفتے ریلیز ہونے والی ان کی اس فلم کو اچھا ریسپانس مل رہا ہے دوسرے سب سے بڑی خوشخبری اور خوش قسمتی یہ ہے کہ اس فلم کو آسکر ایوارڈز میں انڈیا کی آفیشل اینٹری مل گئی ہے۔

فلم نیوٹن

،تصویر کا ذریعہRAINDROP MEDIA

،تصویر کا کیپشنفلم نیوٹن ریاست چھتیس گڑھ کے مسائل پر مبنی ہے جو ایک بلیک کامیڈی ہے

راج کمارراؤ بہت خوش ہیں جو اس فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔ یہ ایک بلیک کامیڈی ہے اور ایک ایسے سرکاری کلرک کی کہانی ہے جو بھارت کے علاقے چھتیس گڑھ میں الیکش ڈیوٹی پر تعینات ہے یہ ماؤنوازوں کے غلبے والا علاقہ ہے۔ یہ فلم پہلے ہی کئی فلم فیسٹیول کی زینت بن چکی ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ آسکرز میں یہ فلم کتنا آگے جا سکتی ہے۔