برہموس میزائل کا کامیاب تجربہ

- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
ہندوستان نے ایک نئی ساخت کے سپرسانک برہموس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ تجرجہ منگل کی صبح راجستھان کے صحرائی علاقے میں پوکھران کے تجرباتی مرکز پر کیا گیا۔
برہموس میزائل کا گزشتہ تجربہ ناکام رہا تھا اور وہ اپنے مقررہ نشانے پر وار نہیں کر سکا تھا۔ برہموس میزائل دفاعی تحقیق کے ادارے ڈی آر ڈی او نے روس کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔
میزائل کا لانچنگ پیڈ اونجا ڈالی گاؤں کے نزدیک چندن میں بنایا گیا تھا اور نشانہ اجاسر کے نزدیک نصب کیا گیا تھا۔ تجربے کے وقت بری فوج کے نائب سربراہ بھی تجرباتی مرکز پر موجود تھے ۔
ڈی آر ڈی او کے اہلکاروں نے تجربے کے بعد بتایا کہ بلاک ٹو برہموس میزائل صبح ساڑھے دس بجے داغا گیا اور راجستھان کے پوکھران فائرنگ رینج میں میزائل نے اپنے نشانے کو ڈھائی منٹ میں تباہ کر دیا۔
290 کلومیٹر تک نشانہ لینے والا برہموس میزائل بری فوج کے استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ زمین سے زمین پر مار کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور اس کی رفتار آواز کی رفتار سے بھی تیز ہے۔ برہموس نام ہندوستان کے دریا برہم پترا اور روس کی ندی ماسکوا کے نام پر رکھا گیا ہے۔
یہ تجربہ پہلے 20 فروری کو کیا جانا تھا لیکن بعض تکنیکی خرابی کے سبب اسے ملتوی کرنا پڑا تھا۔ اس سے قبل اس میزائل کا تجربہ 20 جنوری کو اسی مقام سے کیا گیا تھا ۔ داغے جانے کے بعد میزائل ابتداء میں اپنے مقررہ راستے پر چلا لیکن درمیان میں پہنچ کر وہ اپنے راستے سے ہٹ گیا اور اس کا نشانہ چوک گیا تھا ۔
سائنسدانوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ میزائل کا راستہ طے کرنے والے سافٹ وئر میں نقص تھا جسے آج کے کامیاب تجربے سے پہلے دور کر لیا گیا تھا۔















