مہاتما کی اشیاء کی نیلامی

بھارت نژاد امریکی شہریوں نے مہاتما گاندھی کے ذاتی سامان کو نیلامی میں خرید کر ہندوستانی حکومت کو دینے کی پیشکش کی ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کی حکومت نے بھی اس سامان کو واپس لانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
جمعرات کو نیویارک میں مہاتما گاندھی کے ذاتی سامان کی نیلامی ہو رہی ہے۔
امریکہ میں کئی ہوٹلوں کے مالک سنت سنگھ چٹوال نے ہندوستانی میڈیا سے بات چیت ميں کہا وہ کچھ دیگر بھارت نژاد امریکیوں کے ساتھ مل کر گاندھی جی کے سامان کو نیلامی میں خریدنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا 'ہمارا مقصد مہاتما گاندھی کے ذاتی سامان کو واپس ہندوستان لانا ہے، اس عمل ميں جو بھی ممکن ہوگا وہ ہم کریں گے۔‘
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے امریکہ میں اپنے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ مہاتما گاندھی کے ذاتی سامان کو ملک کے لیے حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
نیویارک کا انٹیکیورم آکشنرز مہاتما گاندھی کی شناخت بن جانے والے گول فریم والی عینک، چمڑے کی ایک جوڑی چپل، ایک جیبی گھڑی ، پیتل کا ایک پیالا اور ایک تھالی کی نیلامی کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستان کے خارجی امور کے وزیر مملکت آنند شرما نے کہا ہے کہ مہاتما گاندھی کے ذاتی سامان کو نیلامی میں بولی لگا کر حاصل کرنے سمیت ہر ممکن اقدامات کیے جائيں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مہاتما گاندھی کا ذاتی سامان جمع کرنے والے امریکی شہری کا کہنا ہے کہ وہ مہاتما گاندھی کی تمام چیزیں ہندوستان کی حکومت کو اس شرط پر دینے کے لیے تیار ہیں کہ وہ غریبوں کو مزید مدد فراہم کرے۔
جیمس آؤٹس نے شرط رکھی ہے کہ ہندوستانی حکومت غریبوں پر خرچ کی جانے والی رقم کو مجموعی گھریلو پیداوار کے ایک فیصد سے بڑھا کر پانچ فیصد کرے۔
نیویارک کا اینٹیکیورم آکشنرز کے نماندے کا کہنا ہے کہ ان کی ابتدائی بولی 20 ہزار سے 30 ہزار امریکی ڈالر ہوگی۔



















