سورج گرہن: شوق اور توہمات

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
بدھ کی صبح سویرے جب اس صدی کا سب سے طویل اور مکمل سورج گرہن ہوگا تو ہندوستان میں کچھ لوگ ہوائی جہاز میں سوار ہو کر اس کا نظارہ کر رہے ہوں گے تو کچھ زمین پر اس کے ’منفی اثرات‘ سے بچنے کی تدابیر۔ اتنا طویل سورج گرہن دوبارہ ایک سو تئیس سال بعد ہوگا۔ مکمل گرہن ہندوستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح چھ بجکر تئیس منٹ پر شروع ہوگا، اور اسے دیکھنے کے لیے بہترین جگہ پٹنہ کے قریب تارےگنا گاؤں ہے۔ جہاں یہ گرہن تین منٹ اڑتالیس سیکنڈ کے لیے نظر آئے گا۔ لیکن برسات کا موسم ہے اور گھٹا کا خطرہ، لہذا خلائی تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والے ادارے ’سپیس‘ نے اس موقع پر ایک طیارہ کرایے پر لیا ہے۔
ادارے سے وابستہ امت ورما کتہے ہیں کہ زیادہ تر سیٹیں بک چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’اس طیارے پر ایسے بہت کم لوگ ہیں جنہیں پہلے سے فلکیات کا شوق ہے۔ بہت سے فوٹوگرافر ہیں اور ایسے لوگ بھی جنہیں نئی چیزیں آزمانے کا شوق ہے۔‘
اس طیارے پر اگر آپ کھڑکی کے قریب بیٹھنا چاہیں تو ٹکٹ اکیاسی ہزار بھارتی روپےکا ہے لیکن باقی سیٹیں انتیس ہزار سے شروع ہوتی ہیں۔ یہ پرواز تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کی ہوگی اور طیارہ دلی سے اڑان بھرے گا۔ امت کہتے ہیں اکتالیس ہزار فٹ کی اونچائی کا مطلب یہ ہے کہ آپ بادلوں سے بھی اوپر ہوں گے لہذا سورج تاریکی میں ڈوبتا ہوا صاف نظر آئے گا۔
جنہیں سائنس سے پیار ہے وہ اس موقع کو گزرنے نہیں دینا چاہتے لیکن ہندو مذہب میں یہ وہ لمحہ ہوگا جب ہندو دیوی، دیوتاؤں کی طاقت کم ہوجائے گی۔ اس دوران بہت سے مندروں کے دروازے عقیدت مندوں پر بند کر دیے جائیں گے۔
دلی کے قدیم ہنومان مندر کے پجاری پنڈت سری رام نندن جھا کہتے ہیں کہ گرہن کے وقت دیوی دیوتاؤں کی طاقت کم ہوجاتی ہے۔’گرہن کے بعد انہیں دوبارہ غسل کرا کے پاک کیا جاتا ہے اور بھوگ ( کھانا کھلائے جانے) کے بعد ہی عبادت کے لیےمندروں کے دروازے دوبارہ کھولے جائیں گے۔‘
نجومیوں کا بھی خیال ہے کہ سورج گرہن اچھی خبر نہیں۔
نجومیوں کی تنظیم کے صدر ارون بنسل کے مطابق جہاں کہیں بھی گرہن نظر آئے گا وہاں نقصان ہوگا۔ ’اس مرتبہ ہندوستان میں گرہن زیادہ نظر آئے گا۔ لہذا وہاں قدرتی آفات اور حاثادت کا کافی امکان رہے گا۔۔۔ جس میں کسی بڑے رہنما کی موت بھی ہوسکتی ہے۔اس کے علاوہ زلزلوں کا خطرہ بھی رہے گا۔‘ ہو سکتا ہے کہ نجومیوں کی پیشن گوئی غلط ہو، لیکن ایک بات میں کوئی شبہ نہیں ہے اور وہ یہ کہ اگر آپ نے سورج گرہن دیکھتے وقت مناست احتیاط نہ برتی تو آنکھوں کو کافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ خلائی تحقیق کے امریکی ادادرے ناسا کے مطابق سورج گرہن دیکھنے کا سب سے سستا اور محفوظ طریقہ یہ ہے کہ اسے براہ راست دیکھنے کے بجائے اس کا عکس یا پروجیکشن دیکھا جائے۔ براہ راست دیکھنے کے لیے سپیشل فلٹرز کا استعمال لازمی ہے تاکہ آنکھوں کو سورج کی نقصان دہ شعاؤں سے محفوظ رکھا جاسکے۔















