’ماؤ نواز‘ حملہ: ریل پٹڑی تباہ

ماؤنواز باغی(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنماؤنواز باغیوں نے بہترگھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا تھا

ہندوستان کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں مبینہ ماؤنواز باغیوں نے ایک اہم ریلوے راستے کی پٹری دھماکے سے اڑا دی ہیں جس کی وجہ سے ہاوڑا ممبئی ریل راستہ بند ہو گیا۔

واضح رہے کہ ماؤنواز باغیوں نے بہار، جھارکھنڈ، اڑیسہ اور مغربی بنگال میں سیکورٹی فورسز کے کارروائی کے منصوبے کےخلاف سنیچر کی رات سے بہتر گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

ماؤنواز باغیوں نے اتورا کو بھی بہار کے بعض مقامات پر ریل کی پٹریاں تباہ کی تھیں۔ پیر کی صبح ماؤنواز باغیوں نے اڑیسہ کے علاقے جرئکلا اور بھالولتا کے درمیان تیس کلومیٹر لمبی ریل لائن کو اڑا دیا۔

یہ ریلوے ٹریک ممبئی ہاوڑا ریل راستے پر ہے جس کی وجہ سے ریل سفر بری طرح متاثر ہوا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے راؤرکیلا سٹیشن منیجر ایس کے پانڈا کے حوالے سے بتایا کہ ماؤنوازوں نے ریل ٹریک کو اڑا دیا جس کی وجہ سے ایک مال گاڑی کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔