بھارت: سردی کی لپیٹ میں

دلی میں شدید دھند
،تصویر کا کیپشندلی میں شدید دھند ہے

شمالی بھارت کے علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں اور اطلاعات کے مطابق اس ٹھنڈ کی وجہ سے بیس سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔

سخت سردی کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ متاثر دار الحکومت دلی اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاوہ ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کی ریاستیں شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے علاقے لیہ میں اتوار کو درجہ حرات منفی تئیس سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

اتوار کو دلی میں درجہ حرارت آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی کم ہوگیا اور شدید دھند کی وجہ سے شہر کی معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔دھند کی وجہ سے دلی سے آنے اور جانے والی بیشتر پروازوں کا شیڈول گڑ بڑ ہوا ہے اور بہت سی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

سری نگر
،تصویر کا کیپشنسری نگر میں جھیل کا منظر

دلی میں بے گھر افراد سردی سے نمٹنے کی کوشش کرتے ہوئے جگہ جگہ آگ جلا کر اس کے گرد جمع دکھائی دیتے ہیں۔

کشمیر کے دیگر علاقوں میں سخت سردی پڑی ہے اور سری نگر میں بھی درجہ حرارت سینٹی گریڈ میں منفی سے نیچے گیا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ بھاری برفباری کے باعث کشمیر پہنچنے کی اہم شاہراہ بند ہو گئی ہے۔