ملاقاتوں سے متعلق قیاس آرائیوں کو حتمی نہ سمجھا جائے: وائٹ ہاؤس

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سوموار کے روز وائٹ ہاؤس نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ سے متعلق ممکنہ مذاکرات کے بارے میں قیاس آرائیوں کو کم کرنے کی کوشش کی، جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ دونوں فریق کسی معاہدے کی جانب ’اہم‘ پیش رفت کے قریب ہیں۔
جنگ سے متعلق بیانات کے درمیان گزرنے والے ایک مصروف دن کے میں ٹرمپ کے مذاکرات سے متعلق تبصروں کے بعد ایسی خبریں سامنے آئیں کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ بات چیت میں انتظامیہ کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔
تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صورتحال ’تیزی سے بدل رہی ہے‘ اور اس نے خبردار کیا کہ امریکہ اور ایران کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان کسی باضابطہ ملاقات کا اعلان نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بی بی سی کو ایک بیان میں بتایا کہ ’یہ حساس سفارتی مذاکرات ہیں اور امریکہ میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔‘
لیویٹ نے کہا کہ ’یہ ایک بدلتی ہوئی صورتحال ہے اور ملاقاتوں سے متعلق قیاس آرائیوں کو اس وقت تک حتمی نہ سمجھا جائے جب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ اعلان نہ کیا جائے۔‘










