کراچی: ہڑتال، ہنگامہ آرائی میں ایک ہلاک

- مصنف, ارمان صابر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
صوبۂ سندھ میں جسقم یعنی جئے سندھ قومی محاذ کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال کی کال پر سنیچر کو کراچی میں کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا اور بعض علاقوں میں شرپسندوں نے تیرہ گاڑیوں کو نذرآتش کردیا جبکہ پرتشدد واقعات میں ایک عورت ہلاک ہوگئی۔
یہ کال متاثرین سوات و بونیر کی کراچی و اندرون سندھ منتقلی اور انہیں پناہ دینے کے خلاف دی گئی تھی۔ کراچی میں سنیچر کی صبح بعض علاقوں میں ہوائی فائرنگ اور سڑکوں پر ٹائر جلانے کے واقعات پیش آئے اور تیرہ گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔
فائر برگیڈ کے مطابق گلستانِ جوہر، نیوکراچی، فیڈرل بی ایریا، طارق روڈ، رسالہ، گارڈن، صفورا چوک اور دیگر علاقوں میں دس ویگنیں، ایک ٹرک، ایک ٹریکٹر اور ایک موٹرسائیکل کو نامعلوم افراد نے نذر آتش کیا۔
فائر برگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ تیرہ میں سے بیشتر گاڑیاں فائربگیڈ کے عملے کے پہنچنے سے پہلے ہی مکمل طور پر خاکستر ہوگئیں جبکہ کہ ان میں سے محض چند کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈن کے علاقے میں جلائی جانے والی ویگن میں ایک مسافر خاتون بھی جھلس کر ہلاک ہوگئی جس کی شناخت آمنہ عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے۔
جلاؤ گھیراؤ اور ہوائی فائرنگ کی وجہ سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سڑکوں سے بسیں، منی بسیں، اور کوچیں غائب ہوگئیں۔ صبح کے وقت پبلک ٹرانسپورٹ بہت ہی کم ہونے کے سبب بس اسٹاپوں پر لوگوں کا ہجوم نظر آیا۔ بسوں کی کمی کی وجہ سے بیشتر افراد اپنے کام پر نہیں جا سکے۔
صبح کے مقابلے میں دوپہر کو صورتحال بہتر ہوگئی اور نجی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آنے لگیں جبکہ رکشہ اور ٹیکسی بھی کم تعداد میں سڑکوں پر موجود تھیں۔ دوپہر کہ بعد بیشتر علاقوں میں منی بسیں، بسیں اور کوچیں بھی چلنا شروع ہوگئیں تاہم ان کی تعداد معمول سے خاصی کم رہی۔
خوف و ہراس کی وجہ سے دکانیں اور بازار بھی بند رہے جبکہ دفاتر اور فیکٹریوں میں حاضری کم رہی۔ متاثرہ علاقوں میں شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، سچل گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، گلبہار، لیاقت آباد، گارڈن، نیوکراچی اور دیگر علاقے شامل تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کے مطابق شہر میں اور بالخصوص متاثرہ علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جاسکے۔ حکام کا دعوٰی ہے کہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے چار افراد کو حراست میں لیا ہے جو گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کررہے تھے۔




















