سماعت ملتوی کریں: سلمان

سلمان بٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے آئی سی سی سے سپاٹ فکسنگ ٹریبونل کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سلمان بٹ نے اپنی درخواست میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ یہ سماعت اس وقت تک نہ ہو جب تک سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس پاکستانی کرکٹروں سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہیں لے آتی۔

آئی سی سی نے تین رکنی ٹریبونل تشکیل دیتے ہوئے قطر کے شہر دوہا میں سماعت کی تاریخ چھ سے گیارہ جنوری مقرر کر رکھی ہے۔ تاہم تازہ ترین صورتحال میں آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کمیشن کے سربراہ مائیکل بیلوف نے بدھ کو ایک ٹیلی کانفرنس طلب کرلی ہے جس میں سلمان بٹ کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان بٹ نے اس کیس میں اب انگلینڈ میں مقیم وکیل یاسین پٹیل کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جو پہلے سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے معاملے میں ان کی قانونی مدد کر رہے تھے اور انہوں نے ہی سلمان بٹ کی جانب سے دوسرا جواب آئی سی سی کو بھیجا ہے۔

سلمان بٹ نے پہلے آفتاب گل اور خالد رانجھا کی خدمات حاصل کی تھیں لیکن بعد میں انہوں نے اعتزاز احسن ایسوسی ایٹس سے رجوع کیا جن کے وکیل شاہد سعید ایڈوکیٹ نے ان کی جانب سے آئی سی سی کو پہلا جواب بھیجا تھا اور جن کا خیال ہے کہ سلمان بٹ کو آئی سی سی کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ محمد عامر اور محمد آصف کے وکلاء بھی بدھ کو ہونے والی ٹیلی کانفرنس میں شریک ہوں گے تاہم یہ دونوں کرکٹر سلمان بٹ کے برخلاف سماعت ملتوی کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور فیصلہ جلد سے جلد چاہتے ہیں۔