’نیا‘ سیربین

آج سے بی بی سی اردو سروس کا مقبول ترین پروگرام سیربین ایک گھنٹے کی بجائے نصف گھنٹے کا ہو گا۔
سیربین کے دورانیے میں تبدیلی بی بی سی اردو سروس کے ریڈیو پروگراموں کو سامعین کی خواہشات اور توقعات کے قریب تر لانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ سیربین کا نیا دورانیہ تبدیلی کے اس عمل کا پہلا حصہ ہے۔
بی بی سی کی انتظامیہ کے مطابق اردو سروس کی نشریات میں تبدیلی کا عمل زمینی حقائق کی روشنی میں شروع کیا گیا ہے۔ پچھلے چند سالوں میں پاکستان کے علاوہ پورے جنوبی ایشیا میں سینکڑوں نجی ٹیلیوژن چینلز اور ایف ایم ریڈیو سٹیشنز ابھرے ہیں جن کی وجہ سے پورے خطے میں خبر رسانی کی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلیاں آئی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی بی بی سی اردو سروس کی ویب سائٹ بی بی سی ارود ڈاٹ کام کی کامیابی نے دنیا بھر میں اردو سننے اور پڑھنے والوں کو چوبیس گھنٹے تازہ ترین خبریں، تجزیے اور تبصرے فراہم کرنے کا ایک مضبوط اور قابل اعتماد پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ بی بی سی اردو سروس کے ریڈیو پروگراموں میں تبدیلی انہیں حالات کے پیش نظر کی جا رہی ہے۔
تبدیلی کے اس عمل کے پہلے مرحلے میں جمعہ انیس جون سے بی بی سی اردو سروس کے مقبول ترین پروگرام سیربین کا دورانیہ نصف گھنٹہ کیا جا رہا ہے۔ سیربین نشر کرنے کا وقت وہی رہے گا یعنی پاکستان کے نو بجے یا گرینیچ کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے۔
بی بی سی اردو سروس کے سربراہ عامر احمد خان کا کہنا ہے کہ سیربین کے دورانیے میں تبدیلی اس کی خبروں، تجزیوں اور تبصروں کے معیار پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالے گی۔ اس کے برعکس لندن، پاکستان اور بھارت میں پھیلی اردو سروس کی ٹیم متفق ہے کہ پروگرام کا دورانیہ کم ہونے سے اس کی افادیت میں اضافہ ہو گا۔
جولائی کے مہینے میں بی بی سی اردو سروس تبدیلی کے اس عمل کے اگلے مرحلے میں صبح کے پروگرام جہاں نما کے بعد ایک نیا ریڈیو پروگرام شروع کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے جس کی تفصیلات ریڈیو اور ویب سائٹ کے ذریعے جلد آپ تک پہنچ جائیں گی۔















