سنکیانگ: چاقو سے مسلح افراد کے حملے میں پانچ ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چین کے مسلم اکثریتی خطے سنکیانگ میں چاقو سے مسلح حملہ آوروں نے پانچ افراد کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کر دیا ہے۔
مقامی حکومت کے مطابق یہ واقعہ منگل کو پشان کاؤنٹی میں پیش آیا اور پولیس نے تینوں حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
مقامی حکومت کی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے ایک بیان میں حملہ آوروں کو 'بدمعاش' قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملے کے چند منٹ بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تاحال اس حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چینی حکومت ماضی میں مسلم علیحدگی پسندوں کو ایسے حملوں کے لیے ذمہ دار ٹھہراتی رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیال رہے کہ چین کی اویغور اقلیتی برادری کی اکثریت سنکیانگ میں رہائش پذیر ہے اور خطے کی 45 فیصد آبادی ایغور مسلمانوں پر مشتمل ہے۔
یہ خطہ گذشتہ کئی برس سے بےچینی اور بدامنی کا شکار رہا ہے۔
حقوقِ انسانی کے گروپوں کے مطابق یہاں تشدد کی وجہ حکومت کا اویغور آبادی پر ثقافت اور مذہب کے حوالے سے سخت کنٹرول ہے تاہم حکومت ان الزامات سے انکار کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سنکیانگ کی سرحدیں پاکستان اور افغانستان کے علاوہ چار وسطی ایشیائی ممالک سے بھی ملتی ہیں۔








