چاند پر انسانی قدم: چالیسویں سالگرہ

ناسا خلائی شٹل بدھ کے روز اینڈیور کو چھٹی کوشش کے نتیجے میں خلا کے لیے بھیجنے میں کامیاب ہو گیا
،تصویر کا کیپشنناسا خلائی شٹل بدھ کے روز اینڈیور کو چھٹی کوشش کے نتیجے میں خلا کے لیے بھیجنے میں کامیاب ہو گیا

امریکی خلائی ادارہ ناسا خلائی جہاز اپالو گیارہ کے ذریعے پہلے انسان کی چاند تک پرواز کی چالیسویں سالگرہ منا رہا ہے۔

اس سلسلے میں ناسا کے زیر اہتمام کئی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔

اس تاریخی پرواز کی یاد منانے کے لیے اپالو پروگرام سے منسلک رہنے والے سابق خلا باز ریاست فلوریڈا میں کیپ کیناورل میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔

وہ اس نمائش کا بھی دورہ کریں جہاں اور چیزوں کے علاوہ قیمتی سپیس سوٹ بھی نمائش کے لیے رکھے جائیں گے۔

بدھ کے روز امریکہ کے خلائی ادارے ناسا خلائی شٹل اینڈیور کو چھٹی کوشش کے نتیجے میں خلا کے لیے بھیجنے میں کامیاب ہو گیا۔

اینڈیور میں سوار خلا نورد بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر گیارہ روز تک قیام کریں گے اور اس دوران وہ جاپانی تحقیقاتی تجربہ گاہ کی نوک پلک سنوارنے کا کام مکمل کریں گے۔

اینڈیور میں سات خلا نورد سوار ہیں جن میں سے چھ امریکی اور ایک کینڈین خاتون ہیں جو خلا میں شٹل کے مشینی بازوؤں کو کنٹرول کریں گی۔

شٹل جمعہ کو خلائی سٹیشن پر پہنچے گی جس کے بعد وہاں عملے کی تعداد تیرہ تک پہنچ جائے گی جو وہاں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہو گی۔