’خوبصورت‘ لوگوں کی ویب سائٹ

بیوٹی فل پیپل ڈاٹ کام
،تصویر کا کیپشن’خوبصورت لوگوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ‘

ڈیٹنگ اور سماجی میل جول کی ویب سائٹ بیوٹی فل پیپل ڈاٹ کام نے وزن بڑھنے پر ہزاروں لوگوں کی رکنیت منسوخ کر دی ہے۔

ایسے افراد کی نشاندہی جن کا چھٹیوں کے دوران وزن بڑھ گیا تھا خود ان کی اپنی تصاویر کے ذریعے ہوا جو انہوں نے ویب سائٹ پر شائع کی تھیں۔ جن ارکان کی رکنیت منسوخ ہوئی ان کی تعداد پانچ ہزار ہے۔

ویب سائٹ کی رکنیت صرف انہی افراد کو ملتی ہے جنہیں اس کےموجودہ ارکان خوبصورت قرار دیتے ہیں۔ جن ارکان کی رکنیت منسوخ ہوئی ان میں سے زیادہ تر کا تعلق کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ سے تھا۔

ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ خوبصورت لوگوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے۔ ویب سائٹ کے ممبران گہری نظر رکھتے ہیں کہ آیا کسی رکن کی خوبصورتی میں کمی تو واقع نہیں ہوئی۔

ویب سائٹ کے بانی رابرٹ ہنٹز نے کہا کہ کاروباری اعتبار سے رکنیت کا کم ہونا اچھی بات نہیں لیکن ان کے ممبران خوبصورتی کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ موٹے لوگوں کو ویب سائٹ کا ممبر بنائے رکھنا اس بنیادی سوچ کے خلاف ہے جس کے لیے ویب سائٹ بنی تھی۔