میراتھن میں حصہ لینے کی مختلف وجوہات
ایک تحقیق کے مطابق مرد اور عورتیں مراتھن میں حصہ مختلف وجوہات کی بنا پر لیتے ہیں۔

مرد میراتھن میں حصہ اس لیے لیتے ہیں کہ ان کو مقابلے میں مزا آتا ہے جبکہ عورتیں وزن کم کرنے کے لیے یا اپنا موڈ خوشگوار کرنے کے لیے حصہ لیتی ہیں۔
برطانوی سائیکولوجسٹ سوسائٹی کی جانب سے یہ تحقیق کی گئی ہے اور اس میں نو مرد اور عورتوں سے انٹرویو کیے گئے جنہوں نے میراتھن میں حصہ لیا۔
ایلزبتھ لوغرن نے آن لائن پر یہ سوال پوچھا کہ ’کس چیز نے آپ کو میراتھن میں حصہ لینے پر مجبور کیا، آیا آپ آئندہ بھی حصہ لیں گے اور اگر لیں گے تو اس کی کیا وجہ ہے‘۔
پہلی بار میراتھن میں حصہ لینے کے حوالے سے جو جوابات آئے ان میں دونوں جنسوں میں ایک بات مشترک تھی اور وہ یہ تھی کہ ریس میں حصہ اس لیے لیا تاکہ میں ’اپنے آپ پر فحر کر سکوں‘ یا پھر ریس ایک محدود وقت میں ختم کر سکوں‘۔
تاہم مردوں کا کہنا یہ تھا کہ وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ وہ کتنی دور بھاگ سکتے ہیں۔ لیکن عورتوں کا کہنا یہ تھا کہ انہوں نے موڈ بہتر کرنے کے لیے ریس میں حصہ لیا یا پھر شادی کے لیے وزن کم کرنے کی کوشش میں حصہ لیا۔
عورتوں کے مقابلے میں مردوں نے کہا کہ وہ ریس میں دوبارہ حصہ لیں گے اور ریس جلدی مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ایلزبتھ جو خود بھی ریس میں حصہ لیتی ہیں کا کہنا ہے ’عورتوں کے لیے ریس میں حصہ لینے کی بڑی وجہ مقابلہ نہیں بلکہ تجربہ ہے۔ میں جب مردوں سے بات کرتی ہوں تو وہ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کتنے وقت میں ریس مکمل کی۔ لیکن عورتیں مجھ سے پوچھتی ہیں کہ تجربہ کیسا رہا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















