گوگل کی سمارٹ ٹی وی سروس

انٹر نیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اب ٹی وی سروس شروع کی ہے جس میں ٹیلی ویژن کی نشریات کو ویب سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

سمارٹ ٹی وی کے ذریعے اب صارفین مختلف ٹی وی چینل کی نشریات بھی ویب پر دیکھ سکیں گے اور یو ٹیوب جیسی سائٹس سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

خصوصی ٹی وی سیٹس یا پھر عام ٹی وی سیٹس کے ساتھ ایک گوگل بکس لگانا پڑے گا جس کے بعد لوگ ٹی وی کے ذریعے ویب تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور وہاں سے مواد ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

اس طرح کا پہلا ٹی وی سونی کمپنی نے بنایا جو اس سال موسم خزاں کے بعد مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

گوگل کے ایک اہلکار رشنی چندرا نے کہا کہ ’ویڈیو اب آپ اپنے گھر میں بڑی، روشن اور بہتریں سکرین پر دیکھ سکیں گے‘۔ انھوں نے کہا کہ یہ پی سی یا موبائل فون کی سکرین نہیں ٹی وی کی سکرین ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں چار ارب لوگ ٹی وی دیکھتے ہیں اور صرف امریکہ میں سالانہ ستر ارب ڈالر ٹی وی کے اشتہاروں پر خرچ کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹی وی کے علاوہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں تک پہنچنے کا کوئی اور ذریعہ نہیں ہو سکتا۔

گوگل کی کمائی کا ایک بڑا حصہ اس کو ملنے والے اشتہاروں سے آتا ہے اور ٹی وی کا شروع کیا جانا اس کمائی کو مزید بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ایک رسرچ فرم کے ماہر ڈن کران نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئِے کہا کہ دنیا بھر کی معلومات کو منظم کرنا گوگل کا عزم ہے تو پھر اس سمت میں پیش رفت کیوں نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ویب کو ٹی سے منسلک کرنے کی کوششیں ہوئی ہیں لیکن کوئی کامیاب نہیں ہو سکیں۔

ویب پر جتنی تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں ان میں اب بہت سے ویب سائٹس بہتریں کوالٹی کی ٹی سروس مہیا کر رہے ہیں۔