بیمار کمپیوٹروں کا علاج

کمپیوٹر

مائیکروسافٹ کے ایک سینیئر اہلکار نے تجویز کیا ہے کہ وائرس والے کمپیوٹروں کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ملنی چاہیے۔

دنیا میں ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی مائکروسافٹ کے اہلکار سکاٹ چارنی نے کہا کہ انہیں کمپیوٹر میں وائرس سے نمٹنے کے اس طریقے کا خیال طب کے میدان میں جانداروں پر حملہ کرنے والی وباؤں کے نمٹنے کے طریقوں سے آیا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی دنیا کے مجرموں کو کمپیوٹروں پر قبضوں سے روکنے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کو معلوم بھی نہیں ہوتا کہ ان کے کمپیوٹر کو یہ جرائم پیشہ لوگ استعمال کر رہے ہیں۔

سکاٹ چارنی کی تجویز کے مطابق ہر بار چلائے جانے پر ہر کمپیوٹر کی صحت کا جائزہ لیا جائے گا اور اس میں وائرس کی موجودگی کی صورت میں اسے انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ملے گی۔

تاہم اس تجویز سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ کمپیوٹر چیک کرنے کا یہ نظام قائم کون کرے گا۔