سیگا کے لاکھوں صارفین کی معلومات چوری

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ویڈیو گیم بنانے والی جاپانی کمپنی سیگا نے کہا ہے کہ سائبر حملے کے دوران اس کے جن صارفین کی ذاتی معلومات چرا لی گئی ہیں ان کی تعداد دس لاکھ ہے ۔
کمپنی نے گزشتہ ہفتے اپنے صارفین کو خبردار کرنے کے بعد ہیکرز کے حملے کی تصدیق کی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے آن لائن نیٹ ورک میں استعمال کے لیے صارفین کے نام، تاریخِ پیدائش اور پاس ورڈز چوری کرلیے ہیں۔ تاہم سیگا کا کہنا ہے کہ کریڈٹ کارڈز کی معلومات چوری نہیں کی جا سکیں ہیں کیونکہ یہ کسی اور مقام پر محفوظ ہیں۔
اسی قسم کی ہیکنگ کے دوران گزشتہ اپریل میں دس کروڑ کے قریب سونی کے صارفین بھی ایسے ہی سائبر حملے کا شکار ہوئے تھے۔
ایک ہیکنگ گروپ ’للز سیکیورٹی‘ نے بظاہر سائبر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ کئی سائبر حملوں میں ملوث اس گروپ نے ٹوئٹر پر سیگا سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سیگا نے اپنے صارفین کو لکھے گئے ای میل میں کہا ہے کہ ان کے پاس ورڈز تبدیل کردیے گئے ہیں اور وہ دوبارہ اپنے اکاؤنٹ میں جانے کے بعد پاس ورڈز تبدیل کرلیں اور انہیں زیادہ محفوظ بنائیں۔
سیگا نے کہا ہے ’ہم نے سائبر حملے کے بعد فوری طور پر اپنے صارفین کی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کیے ہیں اور انٹرنیٹ پر اُس حصے کو علٰیحدہ کردیا ہے جہاں سائبر حملہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ہم نے حملے کی شدت معلوم کرنے کے لیے تحقیقات بھی شروع کردیں ہیں‘۔

















