موبائل فون اب ایمرجنسی نیٹ ورک بھی

حادثات کے دوران یا بعد میں پیش آنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے جلد ہی ایک ایسے موبائل فون ’سافٹ ویئر‘ کی مدد لی جا سکے گی جس کے ذریعے پیغامات باآسانی آگے بڑھائے جا سکیں گے۔
کمپیوٹر کے سائنسدان تھامس ولہیلم نے ایک ایسا سافٹ ویئر بنایا ہے جو ’ڈیٹا‘ ایک فون سے دوسرے تک پہنچاتا ہے۔
آٹو باہن نامی پراجیکٹ لاس ویگس میں ہونے والی ’ڈیف کان ہیکر کانفرنس‘ میں رواں ماہ کے شروع میں پیش کیا گیا۔ یہ سافٹ ویئر رابطہ منقطح ہونے کی صورت میں بھی بھیجے جانے والے پیغامات کو اپنی منزل تک آہستہ آہستہ پہنچا دیتا ہے۔
اس نظام سے ان ممالک میں مظاہرین کو خاص طور پر مدد مل سکتی ہے جہاں شورشوں کو دبانے کے لیے نیٹ ورک بند کر دیے جاتے ہیں۔
پیغامات بھیجنے کے لیے سافٹ ویئر ’بلوٹوتھ ریڈیو ٹکنالوجی‘ اور ’وائی فائی‘ استعمال کرتا ہے جو آج کل بیشتر موبائل فونوں میں موجود ہے۔
کسی قسم کا حادثہ پیش آنے کی صورت میں آٹو باہن استعمال کرنے والے سافٹ ویئر کے ذریعے دیگر آٹو باہن صارفین کو تلاش کر کے پیغامات بھیجے جا سکتے ہیں۔ بھیجے جانے کے بعد پیغام دوسرے سافٹ ویئر استعمال کرنے والوں کے نیٹ ورک کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچ جاتا ہے۔
یہ سافٹ ویئر حادثات اور ایمرجنسی صورتحال کے وقت متاثرین تک پہنچنے میں بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
فی الحال یہ سافٹ ویئر صرف ’اینڈرؤڈ فونز‘ کے لیے بنایا گیا ہے لیکن تھامس ولہیلم ’ایپل آئی فون‘ کے لیے آٹو باہن بنانے پر کام کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















