چین میں مائیکرو بلاگرز کو تنبیہ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
چین میں مائیکرو بلاگنگ کی مقبول ترین ویب سائٹ ویبو کے لاکھوں صارفین کو ایسے تنبیہی پیغامات موصول ہوئے ہیں جن یں انہیں افواہیں پھیلانے سے گریز کرنے کو کہا گیا ہے۔
سروس پروائیڈر کمپنی سینا کا کہنا ہے کہ ویبو کے وہ صارفین جو بقول کمپنی ’جھوٹی معلومات‘ پر مبنی پیغامات بھیجیں گے ان کے اکاؤنٹس معطل کر دیے جائیں گے۔
گزشتہ ہفتے چین کی کمیونسٹ جماعت کے سینیئر حکام نے سینا کا دورہ کیا تھا اور کہا تھا کہ نقصان دہ اور جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ روکا جانا چاہیے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹس کی مقبولیت کی وجہ سے چینی حکومت کو حساس معلومات کو کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حال ہی میں چین میں ایک سرکاری تھنک ٹینک نے کہا تھا گزشتہ برس کے دوران ملک میں دس لاکھ سے زیادہ ویب سائٹس بند ہوئی ہیں۔
چین میں حکام نے حالیہ برسوں میں انٹرنیٹ پر قواعد و ضوابط کو سخت کیا ہے۔
شہری حقوق کے حامی ارکان چین میں ویب سائٹ کے سنسر حکام پر تنقید کرتے ہیں جو انٹرنیٹ پر چین کی گریٹ فائر وال کے نام سے اپنا تسلط برقرار رکھتے ہیں۔
چین میں کئی ویب سائٹس ایسی ہیں جن تک رسائی عام طور ناممکن بنا دی جاتی ہے جن میں چینی زبان میں بی بی سی کی ویب سائٹ کے علاوہ اور فیس بک، یو ٹیوب اور ٹوئٹر جیسی سماجی روابط کی ویب سائٹس شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















