ایچ ٹی سی کے خلاف ایپل کی قانونی جیت

فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہAFP

تائیوان کی موبائل فون بنانے والی کمپنی ایچ ٹی سی کمپیوٹر مصنوعات بنانے والے اِدارے ایپل سے ایک امریکی پیٹنٹ کیس ہارگئی ہے۔

عالمی تجارتی کمیشن کے مطابق ایچ ٹی سی نے ایپل کے ایک پیٹنٹ کی خلاف ورزی کی ہے اور انیس اپریل سنہ دو ہزار بارہ سے ایچ ٹی سی کے ان تمام فونوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی جائے گی جن میں متعلقہ پیٹنٹ کے دائرے میں شامل ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہو گی۔

واضح رہے کہ ایپل ٹیکنالوجی کے حقوق کے سلسلے میں فی الحال بے شمار کیس لڑ رہا ہے اور اس کا دعویٰ تھا کہ ایچ ٹی سی ایپل کے دس پیٹنٹ کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایچ ٹی سی نے عدالتی فیصلے کو اپنی جیت قرار دیا ہے۔ ایچ ٹی سی کا کہنا ہے کہ اس پر صرف ایک پیٹنٹ کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ثابت ہوا ہے حالنکہ ایپل نے دس پیٹنٹ کی خلاف ورزی کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایچ ٹی سے نے اپنے ایک بیان میں بتایا ’ہم لوگ اس فیصلے سے خوش ہیں اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں‘۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ متعلقہ پیٹنٹ ایک معمولی سی ٹیکنالوجی کے بارے میں ہے جسے ’ڈیٹا ٹیپنگ‘ کہا جاتا ہے۔

ایچ ٹی سی کا مزید کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اس فیچر کو اپنے تمام فونوں میں سے نکال دے گا۔