’بٹ کوائن کے ذریعے دولت اسلامیہ کی مدد‘، پاکستانی نژاد امریکی خاتون گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی شہر نیو یارک میں ایک خاتون پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی مالی معاونت کے لیے بِٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔
امریکی حکام نے 27 سالہ زوبیا شہناز پر بینک فراڈ، منٹی لانڈرنگ کی سازش اور منی لانڈرنگ کا فرد جرم لگایا ہے۔ شہناز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
زوبیا شہناز پاکستان میں پیدا ہوئیں اور امریکہ میں لیباریٹری ٹیکنیشن کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ شہناز نے بِٹ کوائن خریدنے کے لیے جعل سازی کر کے 85 ہزار ڈالر کا بینک سے قرض لیا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق زوبیا شہناز لانگ آئی لینڈ کے علاقے برینٹ وڈ کی رہائشی ہیں اور وہ جون تک مینہیٹن ہسپتال میں لیبارٹری ٹیکنیشن کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں!
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
استغاثہ کا کہنا ہے کہ شہناز نے جولائی میں پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا اور پاکستان کے لیے ٹکٹ بک کرائی۔ وہ پاکستان براستہ ترکی جا رہی تھیں۔
ان کو حکام نے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے ساڑھے نو ہزار ڈالر نقدی برآمد کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہناز کے پاس الیکٹرانک ڈیوائسز کی تلاشی سے معلوم چلا کہ انھوں نے دولت اسلامیہ کے بارے میں کافی معلومات حاصل کی تھیں۔
زوبیا شہناز کو منی لانڈرنگ کے ہر الزام پر 20 سال قید اور بینک فراڈ کے الزام میں 30 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ان کے وکیل سٹیو زیسو کا کہنا ہے کہ وہ بیرون ملک رقم شامی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے بھیج رہی تھیں۔
عدالت کے باہر سٹیو زیسو کا کہنا تھا کہ انھوں نے شامی پناہ گزینوں کی مشکلات کو کم کرنے خود کو وقف کیا اور انھوں نے جو کچھ کیا اس کا یہی مقصد تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بٹ کوئن کے متعلق معلومات
- یہ عام کرنسی کا 'متبادل' ہے جو کہ اکثر آن لائن استعمال ہوتا ہے۔ اس کی اشاعت نہیں ہوتی ہے اور بینکوں میں یہ نہیں چلتا۔
- ہر دن 3600 بٹ کوائن تیار ہوتے ہیں اور ابھی ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ بٹ کوائن استعمال میں ہیں۔
- بٹ کوائن کو کرنسی کی ایک نئی قسم کہا جاتا ہے۔ اگرچہ دیگر کرنسیوں کی طرح اس کی قدر کا تعین بھی اسی طریقے سے ہوتا ہے کہ لوگ اسے کتنا استعمال کرتے ہیں۔
- بٹ کوائن کی منتقلی کے عمل کے لیے 'مِننگ' کا استعمال ہوتا ہے جس میں کمپیوٹر ایک مشکل حسابی طریقہ کار سے گزرتا ہے اور 64 ڈیجٹس کے ذریعے مسئلے کا حل نکالتا ہے۔
- ڈیٹا ٹریک تحقیق کے نک کولاز نے کہا کہ بٹ کوائن کے مستقبل میں ایکسچینج میں شامل کیے جانے نے اسے جواز بخشا ہے کہ یہ ملکیت ہے جس کی آپ تجارت کر سکتے ہیں۔'
- کوائن ڈیسک ڈاٹ کام کے مطابق گذشتہ ہفتے بٹ کوائن کی مالیت 15000 امریکی ڈالر سے زائد تھی۔










