متحدہ عرب امارات: قانونی اصلاحات کے تحت خواتین کے خاندانی قتل پر سزائیں مزید سخت

،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات نے اسلامی قوانین میں اصلاحات کے تحت خواتین کو خاندان کے افراد کی جانب سے قتل کرنے کی سزائیں مزید سخت کر دی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس قانون کو ختم کر دیں گے جس کے تحت ججوں کو اس قسم کے قتل میں نرم سزائیں دینے کا موقع ملے۔ عمومی طور پر اس طرح کے قتل غیرت کے نام پر کیے جاتے ہیں اور اس میں عورت پر خاندان کی عزت پر حرف آنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس قسم کے جرائم کو اب سے قتل کے زمرے میں دیکھا جائے گا۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال ہزاروں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے۔ اس قسم کے قتل کا سبب شادی سے باہر جنسی تعلق قائم کرنے کا الزام قرار دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس قسم کے خاندانی قتل کو 'غیرت کے نام پر قتل' کا نام بھی دیا جاتا ہے لیکن اس قسم کے جرائم پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکتوں کو بیان کرنے کا نامناسب طریقہ کار ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس قسم کے قتل پر سخت سزائیں لاگو کرنا متحدہ عرب امارات کی جانب سے 'خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پختہ عزم' کا اظہار ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق خلیجی ریاست کے قانون میں تبدیلی اس اصلاحاتی پیکج کا حصہ ہے جو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے سنیچر کو منظور کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان اصلاحات میں سے ایک کے تحت ملک میں بسنے والے غیر ملکی شہریوں کو وراثت اور وصیت کے معاملات اپنے ملک کے قانون کے مطابق کر سکیں گے۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس 'اقدام سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معاشی استحکام ملے گا۔'
سرکاری نیوز ایجنسی نے مزید کہ متحدہ عرب امارات میں ایسے اقدام کو جرائم کی فہرست سے نکال دیا جائے گا جس سے کسی"دوسرے کو نقصان نہ پہنچ رہا ہوں"۔ انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ اصلاحات معاشرہ میں رواداری اور برداشت کی اقدار کو پروان چڑھائیں گی۔ یہ اعلان امریکہ کی ثالثی سے ہونے والے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس معاہدے سے توقع کی جا رہی تھی کہ متحدہ عرب امارات میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکیوں کو کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔










