فرانس میں انٹرنیٹ بل مسترد

موسیقی کی صنعت سخت قوانین کا مطالبہ کر رہی ہے
،تصویر کا کیپشنموسیقی کی صنعت سخت قوانین کا مطالبہ کر رہی ہے

فرانسیسی پارلیمان نے اس بل کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص انٹرنیٹ سے تین مرتبہ غیر قانونی طور پر موسیقی ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے پکڑا جائے تو اس کا انٹرنیٹ بند کردینا چاہیے۔

اگرچہ یہ بل سینیٹ نے منظور کردیا تھا لیکن قومی اسمبلی نے اس کو مسترد کر دیا۔ وزراء کا کہنا ہے کہ بل میں ترامیم کر کے آئندہ ہفتے یہ بل پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔

اس بل کو فرانسیسی صدرکی حمایت حاصل ہے اور یہ بل اگر منظور ہو جاتا تو انٹرنیٹ پائریسی کے خلاف پہلی بار اتنا سخت قانون لاگو ہوتا۔ موسیقی کی صنعت اس سلسلے میں مزید سخت قوانین کا مطالبہ کر رہی ہے۔

مسترد شدہ بل کے تحت پہلی بار غیر قانونی طور پر موسیقی ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر ایک ای میل کی جاتی، دوسری بار پر ایک خط اور تیسری بار پکڑے جانے پر ایک سال کے لیے انٹرنیٹ منقطع کردیا جاتا۔ اس بل کو فلم اور موسیقی کی صنعتوں کی حمایت حاصل تھی۔

تاہم چند صارفین کے حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس قانون سے ہو سکتا ہے کہ غلط لوگوں کو سزا ملے اگر ان کی شناخت غلط لوگوں کے ہاتھ لگ جائے۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا ہے کہ یہ نگرانی ریاستی نگرانی کے مترادف ہے۔