امریکی کپتان کو رہا کروانے کی نئی کوششیں

کپتان
،تصویر کا کیپشنرچرڈ فلپس نے جہاز سے چھلانگ لگا کر لائف بوٹ کے ذریعے فرار کی کوشش کی تھ

صومالیہ کے عمائدین نے امریکی بحریہ اور صومالی قزاقوں کے درمیان مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کے لیے نئی کوشش شروع کی ہے تاکہ اس امریکی کپتان کو بازیاب کروایا جاسکے جسے قزاقوں نے ایک لائف بوٹ میں یرغمال بنایا ہوا ہے۔

صومالیہ کے ذرائع کے مطابق صومالیہ کے چند با اثر افراد کا ایک گروہ سمندر میں روانہ ہوا ہے تاکہ قزاقوں کو بحفاظت سمندر سے نکلنے کا رستہ دیا جاسکے۔ لائف بوٹ سے کچھ ہی فاصلے پر امریکہ کا ایک جنگی جہاز موجود ہے۔

امریکی حکام اور قزاقوں کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

قزاقوں نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ کپتان رچرڈ فلپس کو طاقت کے زور پر چھڑوانے کی کوشش نہ کی جائے۔ ممباسا میں بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن فشر کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں تعطل کی وجہ قزاقوں کا مطالبہ ہے کہ کپتان کو چھوڑنے سے پہلے انہیں بحفاظت ساحل تک پہنچنے دیا جائے۔

کپتان اب ایک لائف بوٹ پر موجود ہے جو صومالی ساحل سمندر سے 30-45 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق کپتان کو یرغمال بنانے والے چار قزاقوں نے ہفتے کی صبح بحریہ کے جہاز پر گولیاں چلائی تھیں۔ تاہم گولیوں سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور نیوی کا بحری جہاز جوابی حملہ کیے بغیر واپس مڑ گیا۔

دوسری جانب کپتان کا جہاز مارسک الباما بقیہ عملے کے ساتھ کینیا، ممباسا پہنچ گیا ہے۔

عملے کا کہنا ہے کہ کپتان فلپس نے انتہائی بہادری کا کارنامہ سر انجام دیا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے آپ کو قزاقوں کے حوالے کرکے جہاز کے بقیہ عملے کو بچالیا ہے۔

اس بحری جہاز پر بدھ کو حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد کپتان رچرڈ فلپس نے جہاز سے چھلانگ لگا کر لائف بوٹ کے ذریعے فرار کی کوشش کی تھی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

اس سے قبل فرانس کے ایک بحری جہاز کو اغوا کرنے والے صومالی قزاقوں کے خلاف فرانسیسی فوجی آپریشن میں جہاز پر یرغمال بنایا گیا ایک فرانسیسی شخص ہلاک ہوگیا جبکہ چار کو رہا کروالیا گیا۔

فرانس کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں دو قزاق ہلاک جبکہ تین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فوجی آپریشن اس وقت کیا گیا جب قزاقوں سے بات چیت کا سلسلہ ناکام ثابت ہوا۔

اس بحری جہاز ’تانت‘ کو گزشتہ ہفتے اغوا کیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے کے دوران صومالی قزاقوں نے چھ بحری جہاز اغوا کیے۔