میکسیکو میں کاروباری مراکز بند

میکسیکو نے سوائن فلو کے پھیلاؤ میں کمی لانے کی کوشش میں پانچ دن کے لیے ملک کے بیشتر کاروباری شعبوں کو بند کر دیا ہے۔
حکومت کی نسبتاً غیر اہم عوامی سہولیات کو بھی معطل کیا جا رہا ہے جبکہ سنیما اور رستورانوں جیسے کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
میکسیکو میں حکام کا کہنا ہے کہ سوائن فلو وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے۔ اس فلو کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ 160 سے زائد اموات کا سبب بنا ہے۔
حکام کے مطابق میکسیکو میں سوائن فلو سے متاثر ہونے والوں کی تعداد تقریباً 300 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ دنیا کے تین برِاعظموں میں سوائن فلو سے متاثر ہونے والے تصدیق شدہ مریضوں کی کل تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی تنظیم برائے صحت نے سوائن فلو کے خطرے کی سطح بلند کر دی ہے۔ یہ سطح بڑھا کر اب پانچ کر دی گئی ہے جو عالمی سطح پر فلو کے وباء بننے سے صرف ایک درجہ کم ہے۔
پانچویں درجہ کا مطلب ہے کہ فلو کم سے کم دو ملکوں میں انسان سے انسان تک منتقل ہو رہا ہے۔
یہ اقدام امریکی ریاست ٹیکساس میں میکسیکو کے ایک تئیس ماہ کے بچے کے سوائن فلو سے ہلاکت کے بعد کیا گیا۔
واشنگٹن میں حکام نے اس مریض کی اور کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے تاہم یہ امریکہ میں ان اکیانوے مریضوں میں سے ایک تھا جن میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہلاک ہونے والا یہ دو سالہ لڑکا اپنے خاندان کے ساتھ میکسیکو سے امریکہ میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے آیا ہوا تھا۔امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وہ چار اپریل کو ٹیکساس پہنچا تھا اور چند ہی روز بعد وہ بیمار ہو گیا۔





















