عراق میں دو امریکی فوجی ہلاک

حالیہ دنوں میں ایک بار پھر عراق میں متشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنحالیہ دنوں میں ایک بار پھر عراق میں متشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے

عراقی شہر موصل میں عراقی فوجی کی وردی میں ملبوس ایک شخص نے فوجی اڈے پر دو امریکی فوجیوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کر دیا ہے۔

امریکی فوج کے ترجمان کے مطابق حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔ امریکی فوج نے فوجیوں کے ہلاکت سے متعلق مزید معلومات نہیں دیں۔

البتہ عراقی فوج کی اطلاعات کے مطابق حملہ آور عراقی فوجی تھا اور وہ موصل میں فوجی اڈے میں واقع مسجد میں امام کے فرائض سر انجام دے رہا تھا۔

حملے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ عراق کے اکثر علاقوں میں گزشتہ کچھ عرصے سے امن ہے لیکن موصل ان چند شہروں میں سے ایک ہے جہاں القاعدہ کی حمایت اب بھی ہے۔

اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے واقعات ہو چکے ہیں جن میں حملہ آور نے عراقی فوج کی وردی پہن رکھی تھی۔

بغداد میں بی بی سی کی نمائندے نتالیا انتالیوا کے مطابق اس تازہ حملےسے ان خدشات کو تقویت ملے گی کہ شدت پسند عراق کی سکیورٹی فورسز میں گھسے ہوئے ہیں۔