نیویارک:دہشتگردی کےالزام میں چارگرفتار

ان افراد کو ایف بی آئی کے ایک سال پر میحط سٹنگ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنان افراد کو ایف بی آئی کے ایک سال پر میحط سٹنگ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا ہے

نیویارک میں ایک فوجی جہاز کو مارگرانے اور یہودیوں کی عبادت گاہ کو تباہ کرنے کی سازش تیار کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈسٹرک اٹارنی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ افراد نیویارک کے علاقے برونکس میں ریورڈیل ایریا میں یہودی معابد کو دھماکے سے اڑانے کی سازش کر رہے تھے۔

گرفتار کیے جانے والے تمام افراد امریکہ میں پیدا ہوئے ۔گرفتار کیےجانے والوں میں جیمز کرومایٹی المعروف عبد الرحمان، ڈیوڈ ویلیم العمروف داؤد، اونتا ولیم العمروف حمزہ اور لاگٹر پین المعروف امین شامل ہیں۔

یہ افراد شہر کے شمال میں نیوبرگ کے سٹیورٹ ہوائی اڈے پر فوجی طیارے کو گرانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

ان افراد کو ایف بی آئی کے ایک سال پر میحط سٹنگ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار کیے جانے والے افراد کو جعمرات کے روز وائٹ پلین میں عدالت کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے اور اگر ان کے خلاف الزمات ثابت ہو گئے تو انہیں پچیس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

گرفتار ہونے والے تمام افراد امریکہ میں پیدا ہوئے۔ نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سازش ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ بالخصوص نیویارک کو خطرات انتہائی حقیقی ہیں۔

ان افراد کو ایف بی آئی کے لوگوں سےغیر متحرک میزائل اور دھماکہ خیز مادہ خریدنے کے بعدگرفتار کیا گیا ہے۔

پراسیکوٹر نے کہا کہ یہ افراد دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو یہودیوں کی عبادت گاہ کے باہر دھماکے اڑانا چاہتے ہیں اور اس کے علاوہ وہ نیویارک کے قریب سٹیورٹ ایئرپورٹ پر ایک فوجی طیارے کو سٹنگر میزائل سے نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

وکیل استغاثہ نے بتایا کہ گرفتار افراد میں سے ایک نے ایف بی آئی کے خفیہ ایجنٹوں کو بتایا کہ وہ امریکہ کے افغانستان پر حملے سے ناخوش ہیں اور وہ اپنے غصے کا اظہار امریکہ کی سرزمین پر کارروائی کر کے کرنا چاہتے ہیں۔

وکیل استغاثہ نے بتایا کہ کرومائیٹ یہودیوں سے انتہائی نفرت کرتے ہیں اور انہوں نےگلی سے گزرنے والے یہودی کی طرف اشارہ کر کے ایف بی ائی کے ایجنٹ کو کہا تھا کہ اگر اس کے پاس گن ہو تو وہ تمام یہودیوں کو سر میں گولیاں مار کر ہلاک کر دے۔