افغانستان: نیٹو اڈے کے پاس خود کش حملہ

حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان میں نیٹو کے ایک اڈے کے قریب ایک خود حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
منی وین میں آنے والے خود کش حملہ آور نے قندھار شہر کی حدود سے باہر پر واقع ہوائی اڈے کی چیک پوسٹ کے قریب آ کر خود کو گاڑی سمیت اڑا دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ طالبان ترجمان یوسف احمدی نے کہا ہے کہ ان کا گروپ اس حملے کا ذمہ دار ہے۔
یہ حملے اس وقت ہوا جب قندھار کے ہمسایہ صوبہ ہلمند میں طالبان کا صفایا کرنے کے لیے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جو امریکہ میں صدر اوباما کی آمد کے بعد طالبان کے خلاف پہلی بڑی کارروائی ہے۔
افغان فوج کے کور آفیسر کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو جب چیک پوسٹ کے قریب روکا گیا تو وہ قندھار شہر کو جانے والی سڑک پر جا رہا تھا۔
جنرل زئی کے مطابق جب اسے تلاشی والی لائن میں کھڑا کیا گیا تو اس نے وین کو دھماکے سے اڑا دیا۔
قندھار میں نیٹو کا یہ اڈا افغانستان میں بین الاقوامی افواج کا ایک بڑا مرکز ہے تاہم اس دھماکے کے نتیجے میں کسی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔



