امریکی فوجی کے خاندان کی اپیل

افغانستان میں اغوا ہونے والے امریکی فوجی کے خاندان نے امریکہ بھر میں اپنے ہم وطنوں سے اس فوجی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
آئی ڈاہو سے تعلق رکھنے والی تئیس سالہ پرائیویٹ بو برگڈاہل کے بارے میں خیال ہے کہ وہ طالبان کے ہاتھوں پکڑے جانے والے پہلے امریکی فوجی ہیں۔برگڈاہل کو گزشتہ ماہ پاکستانی سرحد کے قریب صوبے پکتیکہ میں ایک فوجی اڈے سے اغوا کیا گیا تھا۔
برگڈاہل کو ٹیلی ویژن پر منڈے ہوئے سر کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ وڈیو میں امریکی فوجی بتا رہے ہیں کہ وہ کس طرح کے پکڑے گئے اور یہ کہ انہیں ڈر ہے کہ وہ کبھی اپنے ملک واپس نہیں جا سکیں گے۔
اٹھائیس منٹ کی وڈیو میں برگڈاہل نے تاریخ چودہ جولائی بتائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پٹرول کے دوران اپنے ساتھیوں سے پیچھے رہ گئے تھے۔ یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ وڈیو کس وقت اور کس تاریخ کو بنی تھی۔
وڈیو میں مغوی فوجی نے بتایا کہ امریکی فوجیوں کے حوصلے پست ہیں اور انہیں واپس گھر بلوانا چاہیے۔
امریکی فوج کے ایک ترجمان نے طالبان کی وڈیو کی مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کہا گیا ہے۔















