کرپشن کے خلاف کارروائی، گرفتاریاں

کارروائی میں ایف بی آئی کے تین سو سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
،تصویر کا کیپشنکارروائی میں ایف بی آئی کے تین سو سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔

امریکہ کے تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے ریاست نیو جرسی میں بدعنوانی کے ایک کیس میں چالیس افراد کو حراست میں لیا ہے۔

زیر حراست افراد میں نیو جرسی کے تین شہروں کے مئیر اور ریاستی اسمبلی کے دو ارکان کے علاوہ یہودی مذہبی رہنماء بھی شامل ہیں۔

یہ گرفتاریاں کالے دھن کو سفید کرنے اور گردہ فروشی جیسے جرائم پر امریکہ، سوئیٹزر لینڈ اور اسرائیل میں کی جانے والی دس سالوں پر محیط ایک تفتیش کے نتیجے میں کی گئی ہیں۔

اس کارروائی کے دوران امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے تین سو اہلکاروں نے نیو جرسی اور نیویارک میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔

امریکہ کے قائم مقام اٹارنی جنرل، رالف مارا نے کہا ہے کہ اِن جرائم میں ملوث افراد نے سیاست اور مذہب کو اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے استعمال کیا۔ ’ایف بی آئی اور آئی آر اے نے انتیس افراد کو گرفتار کیا ہے یا ان کی گرفتاری کے نوٹس جاری کئے ہیں جن میں اسمبلیوں کے رکن اور مئیر بھی شامل ہیں۔‘

ریاست میں اس پہلے بدعنوانی کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی کی مثال نہیں ملتی۔

تفتیشی ادارے کے اہلکاروں نے الزام لگایا ہے کہ گرفتار کیا گیا ایک شخص اسرائیلی ڈونرز سے گردے لیکر ان کی امریکی متمول افراد میں پیوندکاری کے غیر قانونی کاروبار میں ایک دہائی سے ملوث ہے۔

اس کاروبار کے دوران اسرائیلی ڈونرز کو گردے کا عطیہ دینے کے دس ہزار ڈالر دیئے جاتے تھے جبکہ گردہ امریکہ میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر میں فروخت کیا جاتا تھا۔