دہشتگردی کی منصوبہ بندی، سات گرفتار

مسٹر بوائڈ جھیل کے کنارے ایک ایسے گھر میں رہتے ہیں جہاں سے وہ گھروں میں استعمال ہونے والے پتھروں کا کاروبار بھی کرتے تھے
،تصویر کا کیپشنمسٹر بوائڈ جھیل کے کنارے ایک ایسے گھر میں رہتے ہیں جہاں سے وہ گھروں میں استعمال ہونے والے پتھروں کا کاروبار بھی کرتے تھے

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ان سات افراد پر حقیقت میں اغواء اور قتل و غارت کی سازش کا الزام لگایا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے اب تک ملزمان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ اس گروہ کے انتالیس سالہ مبینہ سرغنہ ڈینیل بوائڈ نے افغانستان میں تربیت حاصل کی اور وہاں انیس سو نواسی سے انیس سو بانوے تک جنگ لڑی۔

فرد جرم کے مطابق بوائڈ پاکستان اور افغانستان میں شدت پسند تربیتی مراکز کے ایک تجربہ کار ماہر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ڈینیل نے مبینہ طور پر ایک تربیتی اور فنڈ اکھٹا کرنے والی تنظیم بنائی جس میں انہوں نے اپنے دو بیٹوں کو بھی بھرتی کیا۔ ملزمان میں ان کے بیس اور بائیس سالہ دونوں بیٹے بھی شامل ہیں۔

امریکہ کے محکمہ انصاف کے ڈیوس کرس کا کہنا ہے کہ ’مسٹر بوائڈ نے گزشتہ تین سالوں میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر امریکی نوجوان لڑکوں کو بھرتی کرنے کے بعد بیرون ممالک قتل وغارت گری کے لیے سفر کرنے میں مدد کی‘۔

فرد جرم کے مطابق مسٹر بوائڈ اور دوسرے ملزمان سنہ دو ہزار چھ سے جولائی دو ہزار نو تک بیرون ملک پرتشدد جہاد پھیلانے کی سازش کرتے رہے۔اور ان افراد کے لیے اسلحے کی تربیت اور بیرون ملک سفر کے لیے درکار رقوم کی فراہمی کا انتظام بھی کیا۔ فرد جرم میں کسی خاص حملے کی منصوبہ بندی کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم کہا گیا ہے کہ مسٹر بوائڈ نے باقی ملزمان کے ساتھ جون دو ہزار سات میں اسرائیل کا سفر کیا لیکن پرتشدد جہاد میں حصہ لینے کی ایک ناکام کوشش ثابت ہوئی۔

دوسرے ملزم اکیس سالہ زیاد یاغی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پرتشدد کارروائیاں کرنے کے لیے اکتوبر دو ہزار چھ میں اردن کا سفر کیا۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان ملزمان نے سنہ دو ہزار نو میں شمالی کیرولائنا میں عسکری داؤ پیچ کی تربیت حاصل کی۔

خیال رہے کہ امریکہ میں ان افراد کی گرفتاری اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل اسی سال مئی میں پانچ افراد کو شکاگو میں سیئرز ٹاور اڑانے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔