افغانستان: تین عالمی فوجی ہلاک

ہلمند
،تصویر کا کیپشناتوار کو ہلاک ہونے والے تین فوجیوں میں دو استونیائی تھے۔

افغانستان میں موجود بین الاقوامی افواج کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں شدت پسندوں کے حملوں کے نتیجے میں ان کے تین فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

استونیہ کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہلاک ہونے والے تین فوجیوں میں دو استونیائی تھے اور صوبہ ہلمند میں ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک ہوئے تھے۔

ہلاک ہونے والا تیسرا فوجی ایک امریکی تھا اور اتوار ہی کو پیش آنے والے ایک الگ واقعے میں ہلاک ہوا تھا۔

افغانستان میں عالمی افواج کے ساتھ کام کرنے والے ساٹھ کے لگ بھگ فوجی اس ماہ کے دوران اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ جولائی میں ستر فوجی ہلاک ہوئے تھے جو سنہ دو ہزار ایک سے افغانستان میں شروع ہونے والی اس جنگ میں کسی ایک ماہ کے دوران فوجیوں کے ہلاک ہونے کی سب سے بڑی تعداد تھی۔