انڈونیشیا زلزلہ، ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ

انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے نزدیک شدید زلزلے میں کم از کم 44 افراد ہلاک جبکہ 300 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں اور درجنوں لاپتہ ہیں۔
امدادی کارکن ملبے میں مزید لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
سرکاری اہلکاروں کے مطابق جزیرے کے مغرب میں واقع تاسکملایا شہر میں درجنوں عمارات منہدم ہو گئیں اور ہزاروں لوگوں کو علاقے سے نکالنا پڑا۔ خدشہ ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 15:00 بجے پیش آیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.0 تھی۔
دارالحکومت جکارتہ میں بھی جو کہ زلزلے کے مقام سے 120 میل دور شمال میں واقع ہے، لوگ دفاتر اور دکانیں چھوڑ کر سڑکوں اور گلیوں میں نکل آئے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی ساحلی علاقے میں پتھروں کے گرنے سے کئی افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ کئی ایک تاسکملایا اور سوکابومی شہر میں عمارتیں گرنے سے ہلاک ہوئے۔
طبی عملے کو تاسکملایا روانہ کر دیا گیا ہے جہاں تباہ ہونے والی عمارتوں میں شہر کے میئر کا گھر بھی شامل ہے۔
انڈونیشیا کی سرکاری ایجنسی کے مطابق جاوا کی جنوبی ساحل پر ایک گاؤں میں لینڈ سلائیڈ آنے سے کم از کم تیس افراد پتھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















