نیویارک میں پولیس کے چھاپے

نیویارک پولیس فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنپولیس کو کولاراڈو کے ایک باشندے کی تلاش تھی
    • مصنف, حسن مجتبٰی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک

امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انسداد دہشتگردی کی ٹاسک فورس نے نیویارک کے علاقے کوئنز میں مشتبہ دہشتگرد سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے چھاپے مارے ہیں۔ کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

نیویارک کے کوئنز علاقے میں جنوبی ایشیائی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر ہے۔ جہاں سیکورٹی حکام نے چھاپے مارے وہاں افغان باشندے رہائش پذیر ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق، کوئنز کے علاقے میں میں انسداد دہشتگری کی مشترکہ ٹاسک فورس نے پیر کی صبح جن اپارٹمنٹوں پر چھاپے مارے تھے ان کے مکینوں کا تعلق افغانستان سے ہے جن سے کولاراڈو کے ایک باشندے کی اپارٹمنٹوں پر آمد سے متعلق پوچھ گچھ کی ہے۔

نیویارک ٹائمز نے چھاپے پڑنے والے اپارٹمنٹوں کے ایک مکین نائز خان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایف بی آئي نے ان سے ان کے مہمان کے بارے میں پوچھ گچھ کی جو ایک ہفتہ قبل ان کے ہاں آکر ٹھہرا تھا- نائز خان کا تعلق افغانستان سے ہے۔

نیویارک پولیس اہلکاروں نے ان چھاپوں کے دوران کسی گرفتاری سے انکار کیا ہے۔