حزب اللہ کے راکٹوں پر اسرائیلی تشویش

حزب اللہ اس وقت لبنان میں حکومت سازی میں مصروف ہے
،تصویر کا کیپشنحزب اللہ اس وقت لبنان میں حکومت سازی میں مصروف ہے

اسرائیل فوج کا کہنا ہے کہ لبنان کی شیعہ مسلح تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے بڑے شہروں تک مار کرنے والے راکٹ حاصل کر لیے ہیں۔

اسرائیل فوج کے میجر جنرل گبی اشکینازی نے اسرائیل کے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ حزب اللہ کے پاس ہزاروں کی تعداد میں ایسے راکٹ موجود ہیں جو کہ تین سو کلو میٹر کے فاصلے تک مار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے پاس ان راکٹوں کی موجودگی سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب اور یروشلم کو خطرہ ہے۔

گزشتہ ہفتے اسرائیل نے دعوی کیا تھا کہ اس نے ایک بحری جہاز کو قبضے میں لیا ہے جو کہ حزب اللہ کے لیے بہت بڑی مقداد میں اسلحہ اور بارود لے کر جا رہا تھا۔

اسرائیل کے ایک جریدے نے جنرل اشکینازی کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل کی شمالی اور جنوبی سرحد پر اس وقت بظاہر امن ہے لیکن یہ امن کسی بڑے خطرے کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سرحدوں کے پار دہشت گرد گروہ اپنے طاقت کو مجتمع کرنے میں مصروف ہیں۔

لبنان پر اسرائیل فوج کی سن دو ہزار چھ میں فوج کشی کے دوران بارہ سو لبنانی ہلاک ہو گئے تھے جس میں بڑی تعداد میں شہری بھی شامل تھے۔ چونتیس دن تک جاری رہنے والے اس حملے میں اسرائیل کے ایک سو ساٹھ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

سن دو ہزار چھ میں حزب اللہ کی طرف سے دو اسرائیلی فوجیوں کو اغواء کرنے کے بعد اسرائیل فوج نے لبنان پر فضائی اور زمینی حملے شروع کر دیئے تھے۔

اسرائیل فوج کی طرف سے حزب اللہ کے خلاف یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب لبنان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان قومی حکومت بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔