چین: کان میں حادثہ،’ستاسی ہلاک‘

چین میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کوئلے کی ایک کان میں حادثے میں کم سے کم ستاسی مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔
سنیچر کی صبح یہ حادثہ ملک کے شمالی حصے میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق اکیس مزدور لاپتہ ہیں۔ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ بیالیس لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔
حادثے کے وقت کان میں پانچ سو اٹھائیس مزدور موجود تھے۔ چین میں کانوں میں حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور یہ ان میں سے بد ترین میں شامل ہے۔
تباہ شدہ کان میں امداد فراہم کرنے والے ایک اہلکار نے بتایا کہ گیس اور بند ہو جانے والی سرنگوں کی وجہ سے کان میں پھنسے ہوئے مزدوروں تک پہنچنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
چین کے سرکاری خبر رساں ذرائع نے بتایا کہ ملک کے صدر ہو جن تاؤ اور وزیر اعظم وین جیاباؤ امدادی ٹیموں سے رابطے میں ہیں اور ملک کے نائب صدر نے جائے حادثے کا دورہ بھی کیا ہے۔

















