امریکی ڈرونز کو ’ہیکنگ‘ کا سامنا

ڈرون
،تصویر کا کیپشنڈرون طیاروں کے مواصلاتی نظام کا لنک غیر محفوظ ہے

امریکی محکمہ دفاع پینٹگان نے اعتراف کیا ہے کہ عراق میں مزاحمت کار بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں سے بھیجی جانے والی لائیو ویڈیو فیڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق شیعہ مزاحمت کاروں نے ویڈیو فٹیج حاصل کرنے کے لیے انٹرنیٹ سے ویڈیو سکائی گریبر جیسا کمپیوٹر پروگرام حاصل کر لیا تھا۔

یہ ہیکننگ اس لیے بھی ممکن تھی کہ ڈرون طیاروں کا مواصلات کا لنک غیر محفوظ تھا۔

اطلاعات کے مطابق یہ پروگرام محض پچیس ڈالر میں خریدا جا سکتا ہے۔ اس خبر پر کام کرنے والے وال سٹریٹ جنرل اخبار کے صحافی آگسٹ کول نے بتایا کہ ’مزاحمت کاروں نے سکائی گریبر نامی باآسانی دستیاب سافٹ وئیر حاصل کیا جس کی مدد سے سیٹلائیٹ سے فلمیں یا کھیلوں کی ویڈیو حاصل کی جاسکتی ہے۔ البتہ مزاحمت کاروں نے اسے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں سے ویڈیو حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا۔ دراصل انہوں نے میدان جنگ میں امریکہ جسے اپنی سبقت سمجھتا تھا اسی کو اس کے خلاف استعمال کیا ہے۔‘

مسٹر کول کو شک ہے کہ یہی ٹیکنالوجی افغانستان سمیت دیگر لڑائیوں میں بھی امریکی فورسز کے خلاف استعمال کی گئی ہے۔ امریکی فوج کہتی ہے کہ یہ مسئلہ اب حل کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ ’وزارتِ دفاع متواتر اپنے نظام اور پلیٹ فارم کی سکیورٹی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کوشش کرتی رہتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم پالیسی کے طور پر مخصوص ضرر پذیریوں اور انٹیلیجنس ایشوز پر بیان نہیں دیتے۔‘