افغانستان: یرغمال صحافیوں کی رہائی

برطانوی اخبارگارڈیئن کے لیے کام کرنے والے عراقی صحافی اور ان کے دو افغان ساتھیوں کو افغانستان میں چھ دن تک یرغمال بنائے رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔
گارڈیئن اخبار کی ویب سائٹ کے مطابق تینوں افراد ’تھکے ہوئے لیکن ٹھیک ہیں‘۔
غیث عبدالاحد اور ان کے دو ساتھیوں کو گزشتہ ہفتے صوبہ کنہڑ میں مسلح افراد کے گروہ نے اغواء کیا تھا۔ یہ افراد اس مسلح گروہ کا انٹرویو کرنے کے خواہشمند تھے۔
اخبار کے مطابق صحافیوں نےگزشتہ چھ دن سرد موسم اور برفباری کے دوران سفر میں ہی گزارے اور انہیں کھانے کو یخنی، چائے اور روٹی دی گئی۔ اخبار کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اس اغواء کی تشہیر نہیں کی گئی تاہم ادارہ ان کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں تھا۔
.گارڈین کے ایڈیٹر ان چیف ایلن رسبریجر کے مطابق ’ہمیں اطمینان ہے کہ تینوں یرغمالی رہا ہوں گئے ہیں۔ ہم خوش ہیں کہ یہ معاملہ جلد نمٹ گیا اور یرغمالی خیریت سے ہیں‘۔
.ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ وہ ان افراد کا نام نہیں لے سکتے تاہم وہ اپنے ان افغان ساتھیوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے یرغمالیوں کی رہائی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔















