جہاز میں ’دھماکہ کرنے کی کوشش‘ ناکام

اے بی سی ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق مشتبہ شخص نے امریکی حکام کو بتایا کہ اس نے آتشگیر پاؤڈر اپنی ٹانگ سے باندھ رکھا تھا اور اس پاؤڈر میں سرنج کے ذریعے کیمکلز ڈال کر دھماکہ کرنا تھا
،تصویر کا کیپشناے بی سی ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق مشتبہ شخص نے امریکی حکام کو بتایا کہ اس نے آتشگیر پاؤڈر اپنی ٹانگ سے باندھ رکھا تھا اور اس پاؤڈر میں سرنج کے ذریعے کیمکلز ڈال کر دھماکہ کرنا تھا

امریکی اہلکاروں نے کہا ہے کہ نیدر لینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم سے امریکی شہر ڈیٹروئٹ جانے والے جہاز میں ’بم حملے کی کوشش‘ ناکام ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک شخص نے دھماکہ خیز مواد کو آگ دکھانے کی کوشش میں اپنی ٹانگ جلا لی۔ اس جہاز پر دو سو اٹھہتر مسافر سوار تھے جبکہ عملے کے گیارہ ارکان بھی طیارے میں تھے۔ لیکن کوئی بھی شخص زیادہ زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کے باخبر ذرائع کہتے ہیں کہ نائجیریا سے تعلق رکھنے والے مشتبہ شخص کا کہنا ہے کہ اس نے جہاز میں بم حملے کی کوشش القاعدہ کی طرف سے کی۔

اسی دوران میں صدر براک اوباما نے حکم دیا ہے کہ فضائی سفر کے لیے سکیورٹی کے اقدامات اور انتظامات کو مزید سخت بنایا جائے۔

وائٹ ہاٰؤس کے ترجمان بِل برٹن نے کہا کہ صدر اوباما صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جہاز میں بم حملے کی یہ کوشش گزشتہ روز نارتھ ویسٹ ایئرلائن کی پرواز 253 کے ڈیٹروئٹ کے ہوائی اڈے پر اترنے سے تقریباً بیس منٹ پہلے ہوئی۔

سرکاری حکام کہتے ہیں کہ مشتبہ شخص نے آگ سے مشتعل ہونے والی کسی چیز کو بھڑکانے کی کوشش کی تھی۔

ایک مسافر میلندا ڈینیس کے مطابق اس کوشش کے دوران میں مشتبہ شخص کی ٹانگ بری طرح جل گئی اور آگ پر قابو پانے کے لیے آگ بجھانے والا آلہ اور پانی استمعال کیا گیا۔ایک اور مسافر سید جعفری کا کہنا تھا کہ وہ مشتبہ شخص سے تین قطار پیچھے اپنی نشست پر بیٹھے تھے۔ انھوں نے دیکھا کہ آگے اچانک چمک سے پیدا ہوئی اور دھوئیں کی بو آنا شروع ہوگئی۔ ’پھر میں نے دیکھا کہ میرے عقب سے ایک جوان نے اس مشتبہ شخص پر چھلانگ لگائی اور اس کے بعد افراتفری پھیل گئی۔‘

جب مشتبہ شخص کو قابو کیا جا رہا تھا تو وہ چیخ رہا تھا اور ایک مسافر کے بقول اس نے مشتبہ شخص کی زبان سے افغانستان کا لفظ ادا ہوتے سنا۔ مسافر کے مطابق کچھ دیر چیخ و پکار جاری رہی لیکن کافی تیزی سے ’وہ لوگ اسے لے گئے۔‘

اے بی سی ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق مشتبہ شخص نے امریکی حکام کو بتایا کہ اس نے آتشگیر پاؤڈر اپنی ٹانگ سے باندھ رکھا تھا اور اس پاؤڈر میں سرنج کے ذریعے کیمکلز ڈال کر دھماکہ کرنا تھا۔

امریکی انٹیلیجینس کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ مشتبہ شخص سے پاؤڈر اور محلول پر مشتمل مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔