مل گبسن کی فلم کے باعث احتجاج

میکسیکو کی ایک جیل کے باہر سینکڑوں لوگوں نے جیل خالی کرانے کے لیے قیدیوں کی منتقلی کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔
ساحلی ریاست ویراکروز کی اگناشیو آلندے نامی جیل کو ایکٹر ڈائریکٹر مل گبسن کی نئی فلم کی فلم بندی کے لیے خالی کرایا جانے والا ہے۔
قیدیوں میں سے ایک کے رشتے دار نے مظاہرے کے دوران جو بینر اٹھایا ہوا تھا اس پر لکھا تھا ’فلم بندی کے لیے منتقلی نا منظور‘۔
ویراکروز کے گورنر نے کہا ہے کہ فلم بندی کے لیے قیدیوں کی منتقلی کا کام جنوری دو ہزار دس سے شروع ہو گا۔ قیدیوں کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی منتقلی ان سے ملاقاتوں کو مشکل اور اخراجات کو بڑھا دے گی۔
رشتے داروں کے مطابق احتجاج کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے سپاہیوں کو جیل کی تصاویر اور ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے انہیں یہ تاثر ملا کہ قیدیوں کی منتقلی سال ختم ہونے سے پہلے ہی شروع کر دی جائے گی اور اس کے نتیجے میں ’نیو ائر‘ پر قیدیوں سے ان کی ملاقات دشوار ہو جائے گی۔
جیل کے ڈائریکٹر نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ سال کے اختتام سے پہلے قیدیوں کی منتقلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ جیل کے ایک حصے کو ضرور خالی کرایا جا رہا ہے تا کہ فلم بندی شروع ہو سکے۔
مظاہرین نے ایک مقامی ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کر تے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم ساری رات یہاں رہیں گے اور اس بات کی نگرانی کریں گے کہ کوئی یہاں سے قیدیوں کو کہیں اور نہ لے جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم بعد میں یہ احتجاج ختم کر دیا گیا اور احتجاج میں شریک ایک شخص نے بتایا کہ احتجاج جیل کے ڈائریکٹر کی اس یقین دہانی پر ختم کیا گیا ہے کہ جب بھی کسی قیدی کو منتقل کیا جائے گا تو اس کے عزیزوں کو منتقلی کے بارے میں تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔





















