افغانستان: لازمی بھرتی پر غور

حامد کرزئی

صدر کرزئی نے جرمنی کے شہر میونخ میں ہونے والی اس کانفرنس میں حاضرین کو بتایا کہ وہ سن دو ہزار بارہ تک تین لاکھ ارکان پر مشتمل فوج اور پولیس تیار کرنا چاہتے ہیں۔

دریں اثناء امریکی فوج ہلمند میں طالبان کے خلاف بڑی کارروائی کی تیاری کر رہی ہے۔ نیٹو کی فوج کے کمانڈر جنرل مککرسٹل نے کہا کہ اس کارروائی سے زوردار پیغام پہنچے گا۔

کرزئی نے کہا کہ بہت سے افغان رہنماؤں نےانہیں فوج میں لازمی بھرتی متعارف کروانے پر زور دیا ہے۔ ’افغانستان کو اپنے لوگوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے قابل ہونا چاہیے تاکہ ہم عالمی برادری کے کندھوں پر بوجھ نہ بنیں۔‘

افغانستان میں انیس سو بانوے میں فوج میں لازمی بھرتی رائج تھی۔ تاہم ملک کے وزیر دفاع عبدالرحیم وردک نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ لازمی بھرتی کی ضرورت نہیں کیونکہ فوج کو بڑی تعداد میں ریکروٹ مل رہے ہیں۔