برج خلیفہ سیاحوں کے لیے بند

دبئی میں دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو افتتاح کے تقریباً ایک ماہ بعد ہی مرمت کی وجہ سے سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
برج خلیفہ کی مالک کمپنی عمار پراپرٹیز کا کہنا ہے کہ برج خلیفہ کی ایک سو چوبیسویں منزل کو بند کرنے کا فیصلہ غیر متوقع طور پر سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کی آمد سے پاور سپلائی کے نظام میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
<link type="page"><caption> دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کا افتتاح</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2010/01/100104_burj_tallest_building_zee.shtml" platform="highweb"/></link>
برج خلیفہ کی ایک سو چوبیسویں منزل، جہاں سے شہر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے، کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ برج خلفیہ کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اس کی ایک سو چوبیسویں منزل دنیا کا بلند ترین مشاہدے کا ڈیک ہے۔
برج خلیفہ میں آنے والے سیاحوں کو ٹکٹ کی مد میں ایک سو ڈالر ادا کرنے پڑتے ہیں لیکن ٹکٹ ایڈوانس میں خریدا جائے تو یہ تقریباً تیس ڈالر کا پڑتا ہے۔
برج خلیفہ کا افتتاح چار جنوری کو کیا گیا تھا۔ پہلے عمارت کا نام برج دبئی تھا لیکن افتتاح کے موقع پر اس کا نام ہمسایہ ریاست ابو ظہبی کے حکمران کے اعزاز میں برج خلیفہ رکھ دیا گیا تھا۔
آٹھ سو اٹھائیس میٹر بلند برج خلیفہ کی تعمیر کا آغاز سال دو ہزار چار میں شروع ہوا تھا۔ اس پر اٹھائیس ہزار شیشیے کے پینل لگے ہوئے ہیں اور اس کی ایک سو ساٹھ منزلیں ہیں۔

















