جنسی تنازعے کے دوران ایسڑ کا پیغام
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینڈکٹ ایسٹر کے موقع پر ویٹیکن میں بچوں کے جنسی زیادتی کے تنازعے کے دوران اپنا اہم پیغام سنائیں گے۔
پوپ بینڈکٹ نے گذشتہ ماہ آئرش چرچ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعہ پر ایک خط کے ذریعے معافی مانگنےکے علاوہ اس مسئلے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مسئلے نے کیتھولک چرچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
پوپ بینڈکٹ نے سنیچر کو سینٹ پیڑرز بیسلیکا میں منعقد ہونے والی تین گھنٹے کی تقریب میں اس بحران کا ذکر کرنے سے گریز کیا۔
کیتھولک چرچ کے کچھ رہنماؤں نے پوپ کی حمایت کرتے ہوئے میڈیا میں اُن کے خلاف ہتک آمیز حملوں کی مذمت کی ہے۔لیکن یورپ کے سینئیر پادریوں نے کیتھولک چرچ کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے مزید شفاف اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
پوپ بینیڈکٹ نے گذشتہ ماہ آئرش چرچ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعہ پر ایک خط کے ذریعے معافی مانگنےکے علاوہ اس مسئلے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ گلوبل کیتھولک چرچ اس برس بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث تنقید کی زد میں ہے جب کہ ہالینڈ، آسٹریا، جرمنی، امریکہ اور آئر لینڈ میں بھی اُس پر تنقید کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل عیسائیوں کے فرقے اینگلیکن کی عالمی برادری کے سربراہ بشپ آف کینٹر بری ڈاکٹر رون ولیمز نے کہا تھا کہ آئرلینڈ میں رومن کیتھولک چرچ اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔

















