ایران ائر کے طیاروں پر پر یورپی پابندی

 ایران ائر کا طیارہ
،تصویر کا کیپشنائر بس 320، اور بوئنگ 727 اور 747 کے جیٹ طیاروں پر پابندی لگائی گئی ہے

یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ یورپ میں ایران ائر کے بیشتر طیاروں پر پابندی لگا دی گئی ہے اور یہ پابندی حفاظتی بنیادوں پر کی گئی ہے۔

یہ پابندی ائر بس 320 کے علاوہ بوئنگ 727 اور 747 کے جیٹ طیاروں پر عائد ہوگی۔ ایران ائر کے طیاروں میں دو تہائی یہی طیارے شامل ہیں۔

یورپی کمیشن کا کہنا یہ پابندی حفاظتی بنیادوں پر لگائی گئی ہے اور اس کا ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے لگائی گئی بین الاقوامی پابندیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایران نے اب اس بات کی بھی تردید کر دی ہے کہ اس کے مسافر جہازوں کو کئی ہوائی اڈوں پر ایندھن بھروانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے پہلے ایران کے ہوا بازی ادارے کے ایک اہلکار نے برطانیہ، جرمنی، اور متحدہ عرب امارات پر الزام لگایا تھا کہ وہ ایرانی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ان ممالک نے اس سے انکار کیا تھا اور اب ایران نے بھی اس کی تردید کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایرانی جیٹ طیاروں کے پُرزوں پر امریکی پابندی سے ایران ائر کے طیاروں کا حفاظتی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔