فیصل شہزاد کو عمر قید

فیصل شہزاد نے جون میں عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اقرار کیا تھا۔
،تصویر کا کیپشنفیصل شہزاد نے جون میں عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اقرار کیا تھا۔

امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز سکوائر میں ناکام بم حملے کے ملزم فیصل شہزاد کو مینہیٹن کی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

فیصل شہزاد نے جو پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں جون میں عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اقرار کیا تھا۔

فیصل شہزاد نے یکم مئی 2010 کو نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک گاڑی سے یہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔دھماکہ خیز مواد پھٹ نہیں سکا تھا۔

ان کو دو روز بعد نیو یارک کے جے ایف کے ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

جولائی میں فیصل شہزاد کا حملے سے قبل ریکارڈ کیا گیا ویڈیو پیغام ٹی وی چینل العربیہ پر نشر کیا گیا تھا۔

اس ویڈیو میں فیصل شہزاد مسلح ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ امریکہ پر اس حملے سے مسلمانوں کے دل خوش ہوں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’یہ حملہ مظلوم مسلمانوں اور مجاہدین کا بدلہ لینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ مثال کی طور پر بیت اللہ محسود اور ابو مصعب الزرقاوی اور شہید ہونے والے عرب اور مسلمانوں کے لیے ۔‘

ویڈیو میں فیصل شہزاد اسلام کی سرپرستی کا ذکر کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’انشااللہ اسلام پوری دنیا میں پھیل جائے گا اور جمہوریت کو شکست ہوگی۔‘