شہزادہ ولیم کی شادی میں 1900 مہمان

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ملکہ برطانیہ کی جانب سے اپنے پوتے شہزادہ ولیم کی شادی میں شرکت کے لیے برطانیہ اور بیرونِ ملک سے انیس سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
سینٹ جیمز پیلس کی جانب سے مہمانوں کے نام تو جاری نہیں کیے گئے ہیں لیکن ان میں سے نصف سے زائد شہزادہ ولیم اور ان کی منگیتر کیٹ میڈلٹن کے رشتہ دار اور احباب ہیں۔
اس کے علاوہ نمایاں سیاستدان، اہم برطانوی اور غیر ملکی شخصیات، خیراتی کارکن اور شوبز اور کھیلوں کی دنیا کی کچھ مشہور شخصیات بھی اس شادی میں بلائی گئی ہیں۔
یہ تمام مہمانان انتیس اپریل کو ویسٹ منسٹر ایبے میں شادی کی تقریب میں تو شریک ہوں گے لیکن ان سب کو بکنگھم پیلس میں منعقدہ تقاریب میں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔
گرجا گھر میں شادی کی رسومات کی ادائیگی کے بعد چھ سو کے قریب مہمان ملکہ برطانیہ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شریک ہوں گے جبکہ ان میں سے تین سو کو عشائیے اور اس کے بعد رقص کی محفل کا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
شہزادہ ولیم کی شادی کا دعوت نامہ ایک سفید کارڈ پر سنہری روشنائی سے تحریر ہے جسے ہلکے بھورے رنگ کے لفافے میں بند کیا گیا ہے۔ دعوت نامے پر ملکہ کے دستخط سنہری روشنائی میں موجود ہیں۔
.















