جولین اسانژ کی ملک بدری کا حکم

اسانژ کا کہنا ہے کہ ان پر یہ الزامات سیاسی وجوہات کی بنا پر لگائے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناسانژ کا کہنا ہے کہ ان پر یہ الزامات سیاسی وجوہات کی بنا پر لگائے گئے ہیں۔

برطانیہ کی عدالت نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانژ کو سویڈن کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے جہاں ان پر جنسی تشدد کا الزام ہے۔

یہ فیصلہ لندن کے بلمارش میجسٹریٹس کورٹ میں سنایا گیا جہاں دو ہفتے قبل اس مقدمے کی سماعت ہوئی تھی۔

جولین اسانژ متوقع طور پر اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے جو ان پر لگے جنسی حملوں کے تین اور ریپ کے ایک الزام سے انکار کرتے ہیں۔

انتالیس سالہ اسانژ کا کہنا ہے کہ ان پر یہ الزامات سیاسی وجوہات کی بنا پر لگائے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر اہم معلومات افشا کی تھیں۔

جولین اسانژ کی ویب سائٹ وکی لیکس پر اہم اور حساس نوعیت کے امریکی اور دیگر دستاویزات کی اشاعت کے بعد یہ ویب سائٹ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئی تھی۔

مسٹر اسانژ کو یورپین ارسٹ وارنٹ کے تحت سات دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ ونڈزورتھ کی جیل میں نو روز گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔

دو ہفتے قبل اس مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ سویڈن میں ریپ کے مقدمات اکثر خفیہ طور پر بند دروازوں کے پیچھے چلائے جاتے ہیں جن میں انصاف کے تقاضوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہوتی ہیں۔