’قزاقوں کے لیے تاوان‘غیر ملکیوں کو قید

گزشتہ سال صومالی قزاقوں کو تاوان کی مد میں گیارہ کروڑ سے زائد امریکی ڈالر ادا کیے گئے: اقوام متحدہ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگزشتہ سال صومالی قزاقوں کو تاوان کی مد میں گیارہ کروڑ سے زائد امریکی ڈالر ادا کیے گئے: اقوام متحدہ

صومالیہ میں چھ غیر ملکیوں کو غیر قانونی طور پر ملک میں رقم لانے کے الزام میں قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مبینہ طور پر یہ افراد صومالی قزاقوں کے قبضے میں کشتیوں کے تاوان کی ادائیگی کے لیے تیس لاکھ ڈالر لائے تھے۔

غیر ملکیوں میں تین برطانوی، دو کوریائی اور ایک امریکی شہری شامل ہیں۔

دو افراد کو کیش رکھنے کے الزام میں پندرہ سال جب کہ دیگر کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ان افراد کو گزشتہ ماہ چوبیس مئی کو دارالحکومت موغا دیشو کے ائر پورٹ پر اترتے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال صومالی قزاقوں کو تاوان کی مد میں گیارہ کروڑ سے زائد امریکی ڈالر ادا کیے گئے۔

صومالیہ میں حکومت سرکاری طور پر قزاقوں کو تاوان دینے کی مخالفت کرتی ہے تاہم قزاقوں کو رقوم کی ادائیگی معمول کی بات ہے۔

لندن میں دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ سزا کے فیصلے سے باخبر ہیں اور صومالی حکومت سے ان افراد کی حفاظت اور سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے جب کہ قانونی راستہ زیر غور ہے۔

خیال رہے کہ صومالیہ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مغربی شہریوں کو تاوان کی رقم کی ادائیگی میں ملوث ہونے پر سزا دی گئی ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان افراد پر حکومت کو شک کیوں ہوا ہے۔

ان افراد کو ممکنہ معافی ملنے کے حوالے سے صومالیہ کی وزراتِ اطلاعات کے ترجمان نے کہا کہ’ ہر چیز ممکن ہے اور اس پر وہ مزید بات نہیں کر سکتے ہیں۔‘