’شوہر کی آخری نشانی دو کنگن رہبر اعلی کی یاد میں دے دیے‘: کشمیر میں ایران کے لیے عطیات کی ’ریکارڈ توڑ‘ مہم

- مصنف, ریاض مسرور
- عہدہ, بی بی سی اُردو، سرینگر
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں کسی بھی بچے کے لیے اُس کی سپورٹس بائی سائیکل اتنی محبوب چیز ہے کہ وہ کسی کو اسے چھونے تک نہیں دیتا۔ لیکن وادی میں عید سے ہی ایران کے لیے جاری امدادی مہم کے دوران نہ صرف مردوں نے اپنی گاڑیاں، خواتین نے اپنے زیورات بلکہ بچوں نے اپنی محبوب بائیکس بھی عطیہ کر دی ہیں۔
بڈگام کے ماگام علاقے میں امدادی مہم چلانے والے نوجوان منتظر مہدی نے بی بی سی کو بتایا کہ جن دو بچوں نے اپنی نئی بائیکس عطیہ کی ہیں، وہ سامنے نہیں آنا چاہتے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’رہبر خامنہ ای ہمارے لیے دنیا کی ہر چیز اور ہر شخص سے زیادہ محبوب ہیں۔ اس مہم کی کامیابی کی وجہ یہی ہے۔ جب ہمارے رہبر نہیں رہے تو دنیا کی کوئی بھی چیز اب ہمارے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ اسی لیے لوگ دل کھول کر سب کچھ ایران کے لیے دے رہے ہیں۔‘

سرینگر، بڈگام ، بارہمولہ، پونچھ، راجوری، کارگل اور دوسرے قصبوں میں جاری اس امدادی مہم کے لیے کشمیر میں بیشتر شعیہ گروپ کئی ہفتوں سے سرگرم تھے۔
تاہم عید سے ایک دن قبل نئی دلی میں ایرانی سفارتخانے نے جب اپنا اکاؤنٹ نمبر بعض رضاکار تنظیموں کے ساتھ شیئر کیا تو عید کے روز نہ صرف کشمیر بلکہ پورے انڈیا میں ایران کے حق میں امدادی لہر پھیل گئی۔
’تہران میں کربلا ہوا‘
ماگام کی جامع مسجد کے منتظم میر نذیر کئی بستیوں میں جمع ہو رہے عطیات کے انچارج ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’ایک خاتون کے خاوند کا 28 سال پہلے انتقال ہوا تھا۔ اب اس کے پاس خاوند کی آخری نشانی کے طور پر صرف دو کنگن تھے۔ جب انھوں نے سُنا کہ رہبرِ اعلیٰ کی یاد میں ایران کے لیے امدادی مہم شروع ہوگئی ہے تو انھوں نے سونے کے وہی کنگن عطیہ کر دیے۔‘
فاطمہ رسول نامی اس خاتون نے بتایا کہ انھیں گذشتہ برسوں کے دوران کئی مرتبہ سخت مالی مشکلات کا بھی سامنا رہا لیکن انھوں نے کنگن نہیں بیچے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ کہتی ہیں کہ ’اُنھوں (امریکہ و اسرائیل) نے ہمارے رہبر کو شہید کر دیا۔ میں اپنی سب سے قیمتی اور پیاری چیز دینا چاہتی تھی، اسی لیے یہ کنگن اپنے اور اپنے خاوند کی طرف سے دیے ہیں۔‘

میر نذیر کہتے ہیں کہ واقعۂ کربلا شعیہ مسلمانوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ’جس طرح امام حسین کو اپنے اہل خانہ سمیت قتل کیا گیا تھا، اسی طرح رہبر خامنہ ای کو بھی اپنے بیوی بچوں اور معصوم نواسوں سمیت قتل کیا گیا۔ ہمارے لیے تو دراصل تہران میں کربلا 2.0 ہوا تھا۔ ایک آواز کی دیر تھی کہ لوگ اپنا سب کچھ دینے پر آمادہ ہوگئے۔‘
میرنذیر کے مطابق نئی دلّی میں ایران کے سفارتخانے نے ایک اکاؤنٹ نمبر دیا ہے، جس میں پوری وادی سے جمع ہونے والی نقدی اور عطیات کی مالیت جمع کروائی جا رہی ہے۔ ’ایسے بھی لوگ ہیں جنھوں نے اپنی قیمتی گاڑیاں، موٹرسائیکل یہاں تک کہ کچھ نے تو زمین تک عطیہ میں دے دیے۔
’کچھ لوگوں نے لاکھوں کی رقم دے کر اصرار کیا کہ ان کی شناخت ظاہر نہ کی جائے۔ ان جائیدادوں کی نیلامی سے جو رقم آئے گی وہ بھی سفارتخانے کے بینک کھاتے میں جمع کردی جائے گی۔‘

’کشمیر میں عوامی عطیات کی ریکارڈ توڑ مہم‘
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
کالم نویس اور سماجی کارکن عبدالقیوم شاہ کہتے ہیں کہ ایران کے لیے عوامی عطیات کی جو مہم آج کل وادی میں جاری ہے اس نے ماضی کے سبھی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’1990 میں جب ملیٹینسی شروع ہوئی تو کئی کئی ماہ تک طویل کرفیو نافذ رہتا تھا۔ کچھ رضاکاروں نے ہلالِ احمر نام سے ایک مہم شروع کی جس میں کھانے پینے کی چیزیں وادی بھر میں تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح 2005 کے زلزلے میں کپوارہ اور اُوڑی میں تباہی ہوئی، نوجوانوں نے کپڑے اور بستر ٹرکوں میں لاد کر وہاں پہنچا دیے۔
’2014 کے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی غذائی اجناس تقسیم ہوئیں۔ لیکن یہ میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ لوگ گھروں سے گاڑیاں، واشنگ مشین، فریج، شال، قالین، قیمتی تانبے کے برتن اور جو کچھ بھی گھر میں ہے لے کر آتے ہیں اور ایران کے لیے عطیہ کر دیتے ہیں۔‘
قیوم شاہ کے مطابق ایران کے لیے جاری موجودہ امدادی لہر ’کشمیر میں عوامی عطیات کی ریکارڈ توڑ مہم‘ ہے۔
رضاکار منتظر مہدی نے بتایا کہ ایک نوجوان، جو شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا، برسوں سے علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کا اشتیاق رکھتا تھا۔
اُس نے اس ارادے سے ایک مہنگی موٹر سائیکل خریدی تھی کہ اسی پر سوار ہو کر تہران جائے گا۔ ’کل ہی اُس لڑکے نے اپنی وہی بائیک عطیہ کر دی۔‘

،تصویر کا ذریعہX
کشمیریوں کی طرف سے عطیات کے مناظر کو اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے انڈیا میں ایران کے سفارتخانے نے لکھا کہ ’ہمارے دل شکریہ کے جذبات سے لبریز ہیں اور ہم خلوص کے ساتھ رحم دل کشمیریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
’مہربانی کے ان جذبات کو ایران کبھی نہیں بھولے گا۔ شکریہ انڈیا!‘
’کشمیر چھوٹا ایران ہے‘
قابل ذکر ہے ایران اور کشمیر کے درمیان مذہبی، تمدنی اور ثقافتی تعلقات کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے۔
کالم نگار قیوم شاہ کہتے ہیں کہ ’یہاں اسلام عرب سے نہیں، ایران سے آیا تھا۔ کشمیرمیں ایران اور وسط ایشیا سے آئے 800 سے زیادہ سادات کے مزار ہیں اور یہاں کے لوگوں کو ان درگاہوں کے ساتھ گہری عقیدت ہے۔
’شعر و ادب، موسیقی، فن تعمیر، فنون لطیفہ یہاں تک کہ دستکاریاں تک کشمیر میں ایران سے ہی درآمد ہوئی ہیں۔‘
قیوم مزید کہتے ہیں کہ علامہ اقبال کی شاعری میں کشمیر کو ’ایرانِ صغیر‘ یعنی چھوٹا ایران کہا گیا ہے۔ ان کہنا ہے کہ ’کشمیر میں سینکڑوں برس تک سرکاری زبان بھی فارسی رہی ہے اور فارسی زبان میں کشمیری شعر و ادب کا نادر سرمایہ اس وقت کشمیر اور ایران میں موجود ہے۔‘

واضح رہے کہ سترہویں صدی کے عالمی شہرت یافتہ صوفی دانشور مُلّا طاہر غنی عرف غنی کشمیری وادی کے پہلے فارسی شاعر ہیں جو ایران سمیت پورے مشرق وسطیٰ میں مشہور ہوئے تھے۔
ایران کے ادبی حلقوں کی طرف سے بار بار دعوت دیے جانے کے باوجود جب وہ تہران نہیں گئے تو اُس وقت کے مشہور ایرانی شاعر صائب تبریزی صرف غنی کشمیری سے ملاقات کے لیے طویل سفر کر کے وادی آئے تھے۔
ثقافتی امور اور قدیم تاریخ کے ماہر محمد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر ایران کے تمدنی منظرنامہ کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں کی تاریخی جامع مسجد کا ڈیزائن بھی ایک ایرانی انجینیئر صدرالدین خراسانی نے ہی بنایا تھا۔
’خطاطی، پیپرماشی، سوزن کاری، قالین بافی، شال بافی وغیرہ یہ سب تو ایران سے ہی آیا ہے۔ اس لیے ایران کے لیے امدادی مہم میں کشمیریوں کی اس قدر سنجیدگی کوئی غیر فطری بات نہیں۔ اس کا ایک وسیع پس منظر ہے۔‘



























