’اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا‘: مریم نواز سے متعلق پوسٹ کے بعد نسیم شاہ کی وضاحت اور پی ایس ایل کے افتتاح کا احوال

مطالعے کا وقت: 5 منٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو اُن کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے بعد میں کامیابی کے ساتھ بحال کرا لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پاکستان سپر لیگ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قذافی سٹیڈیم آمد کے موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں درج تھا کہ ’ان کے ساتھ ملکہ کی طرح کا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے؟‘

نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس تقریب سے متعلق جاری کیے گئے اعلامیے پر کی گئی جس میں مریم نواز، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ کھلاڑیوں سے مل رہی تھیں۔

یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی، جس میں نسیم شاہ کے فین اور کرکٹ مبصرین اس خدشے کا اظہار کر رہے تھے کہ یہ نسیم شاہ کے لیے مستقبل میں مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

دوسری جانب بعض صارفین یہ شک کا اظہار کر رہے تھے کہ شاید نسیم کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ’راولپنڈیز‘ میں شامل ہیں، جس نے اُنھیں آٹھ کروڑ 65 لاکھ روپے کے عوض خریدا تھا۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور مریم نواز کی شرکت

مشرقِِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور خطے کی صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے میچز شائقین کے بغیر کروانے کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی تھی، تاہم جمعرات کو پی ایس ایل کے پہلے میچ سے پہلے ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔

پی سی بی کی جانب سے اس تقریب کی تصاویر جاری کی گئیں، جن میں مریم نواز کے ہمراہ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ہیں اور مریم نواز کو فرنچائز مالکان، کھلاڑیوں اور امپائرز کے ساتھ ملاقات کرتے دکھایا گیا ہے۔

نسیم شاہ کے ایکس اکاونٹ سے انھیں تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے مریم نواز سے متعلق ٹوئٹ کی گئی جسے کچھ دیر بعد حذف کر کے نسیم شاہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی۔

لیکن اس سے پہلے یہ معاملہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا رہا۔

’نسیم شاہ اب آگے آپ کے لیے بہت مشکلات ہوں گی‘

شیری نامی صارف نے لکھا کہ ’نسیم شاہ یہ آپ نے کیا کر دیا، آگے چل کر آپ کے لیے بہت سی مشکلات ہوں گی۔‘

کچھ صارفین نے سوال اُٹھایا کہ ’اب تو ایکس اکاونٹ ہیک کرنا بہت مشکل ہے، کہیں نسیم شاہ کی وضاحت اُن کی پہلے کی گئی ٹویٹ کا نقصان کم کرنے کی کوشش تو نہیں؟‘

عروج جاوید نے لکھا کہ پی ایس ایل کا میچ ایک طرف تھا اور ’نسیم شاہ کی ٹویٹ پر ہونے والی بحث ایک طرف ہے۔‘ اس پر ایک صارف نے لکھا کہ ہو سکتا ہے کہ ان کا اکاونٹ ہیک ہو گیا ہو۔

حیات الرحمن نامی صارف نے نسیم شاہ کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ممکن نہیں ہے کہ نسیم شاہ ایسی ٹویٹ کریں، اُن کا اکاونٹ ہیک ہو گیا ہو گا۔‘

23 سالہ نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے اب تک 20 ٹیسٹ، 34 ون ڈے اور 37 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

راولپنڈیز سے قبل وہ اسلام آباد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

اگر ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو پھر کیا کیا جائے؟

اگر کسی وجہ سے کسی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہو جائے اور اس کے پاس اکاؤنٹ تک رسائی نہیں رہتی تو وہ ایکس (سابق ٹوئٹر) کے ’ہیلپ سینٹر‘ کے لنک پر جا کر وہ موجود فارم میں تفصیلات درج کر کے بھی اپنا اکاؤنٹ واپس حاصل کر سکتے ہیں۔

ہیلپ سینٹر کے لنک پر پوچھا جاتا ہے کہ کیا آپ ہیک ہونے کے بعد بھی اپنا ایکس اکاؤنٹ استعمال کر سکتے ہیں۔

اس سوال کے جواب کے مطابق آپ کو اگلا سوال دیکھایا جاتا ہے۔

اگر اکاؤنٹ تک رسائی نہیں رہی تو صارف سے اس کا ہینڈل اور اکاؤنٹ سے منسلک ای میل کا پوچھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پوچھا جاتا ہے کہ آخری دفعہ اکاؤنٹ تک رسائی کب ہو رہی تھی اور پھر پوچھا جاتا ہے کہ اکاؤنٹ بناتے ہوئے کون سا ای میل یا فون نمبر استعمال کیا گیا تھا۔

اس کے بعد آپ سے مزید معلومات لی جاتی ہیں کہ آیا اس ای میل تک آپ کی رسائی ہے یا جو فون نمبر آپ نے بتایا ہے اس پر آپ کو ایس ایم ایس موصول ہو جاتا ہے، آپ کس ملک میں مقیم ہیں، آپ کو کیا شک ہے کہ کیسے آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہوا، اپنے مسئلے کی تفصیل لکھیے، اگر کوئی سکرین شاٹ ہے تو وہ ہیلپ سینٹر کو فراہم کیجیے۔

یہ معلومات جمع کروائی جاتی ہیں اور اس کے بعد ایکس رسائی بحال کرنے کے لیے مناسب کارروائی کرتا ہے۔

اگر آپ کہتے ہیں کہ آپ کو اکاؤنٹ کی رسائی حاصل ہے تو وہ آنے والے فارم میں آپ سے آپ کا ای میل، یوزر نیم یا فون نمبر وغیرہ مانگے جاتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کے ای میل یا نمبر پر کوڈ بھیجا جاتا ہے۔ کوڈ کے کامیابی سے اندراج کے بعد ایکس آپ کو نیا پاس ورڈ درج کرنے کا کہتا ہے۔